کشمیر میں ہر گھر ترنگا :ایک نعرہ جو ایک تحریک بن گیا:درخشاں اندرابی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-08-2022
کشمیر میں ہر گھر ترنگا :ایک نعرہ جو ایک تحریک بن گیا:درخشاں اندرابی
کشمیر میں ہر گھر ترنگا :ایک نعرہ جو ایک تحریک بن گیا:درخشاں اندرابی

 


احسان فاضلی،سری نگر

جب سے ہندوستان آزاد ہوا، اس وقت سے ہر سال  ہمارے سیاسی رہنما اور اعلیٰ افسران عوام اور اسکول کے بچوں کے سامنے قومی پرچم یعنی ترنگا فخر کے ساتھ لہراتے ہیں۔

اس سال ملک میں آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر جشن منایا جا رہا ہے۔ حکومت ہند کی 'ہر گھر ترنگا' مہم میں قومی پرچم لہرانے کا جوش نہ صرف مختلف سطحوں پر بچوں اور طالب علموں میں بلکہ ہر شہریوں میں دیکھا جا رہا ہے۔ لوگ ایک الگ قسم کے'احساس'میں جی رہے ہیں۔ قومی پرچم کو لہرانا اور اسے چھونا ہر شخص کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ 

یہ موقع جموں و کشمیر میں زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ تقریبات اس وقت منائی جا رہی ہیں جب کہ جموں وکشمیر کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں تبدیل ہوئے تین سال مکمل ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر دیا گیا تھا اور اسے مرکز زیر انتظام علاقے میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

جموں و کشمیروقف بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے' ہرگھرترنگا' مہم کے تحت کہا کہ یہ ہر شہری کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہر ایک کو قومی پرچم کو چھونے  اور اپنے گھرمیں لہرانے کا موقع مل رہا ہے۔اور وہ بھی ایسے وقت میں جب ملک اپنی آزادی کے 75 سال منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اپنے آپ میں ایک بہت بڑی چیز ہے... یہ پرچم کے ساتھ ساتھ شہریوں کے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔

 انہوں نےمزید کہا کہ قومی پرچم نہ  صرف سول سیکرٹریٹ یا دیگر سرکاری عمارتوں پر لہرایا جائے گا بلکہ یہ ہر گھر میں لہرایا جائے گا۔ خیال رہے کہ سینئر بی جے پی لیڈرڈاکٹر درخشاں اندرابی کو سری نگر، بڈگام اور گاندربل اضلاع پر مشتمل وسطی کشمیر میں'ہر گھر ترنگا' مہم کے انچارج کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے علاقے میں 'ہرگھرترنگا' مہم کا افتتاح یکم اگست 2022 کو ہی کر دیا تھا۔

اگرچہ 13 سے 15 اگست2022 تک تمام عمارتوں اور گھروں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا، لیکن مرکزی حکومت کے فیصلے کے مطابق ہر گھر میں ترنگا لہرانے کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں پہلے سے ہی جاری ہیں۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے مطابق بی جے پی قیادت اور حکومت کا تین اضلاع سری نگر، بڈگام اور گاندربل میں ایک لاکھ ترنگا لہرانے کا ہدف ہے۔ان کے مطابق کم از کم دو لاکھ ترنگے وسطی کشمیر کے تین اضلاع میں لہرائے جائیں گے۔

 یہ جھنڈے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر اور پوسٹ آفس سمیت مختلف سطحوں پر عوام میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس تعلق سے کہا کہ  لوگ پرجوش ہیں اورہمیں یقین ہے کہ ہرگھر نہ صرف وسطی کشمیر میں، بلکہ وادی کے دیگر حصوں میں بھی پرچم لہرائے گا۔ وہ وسطی کشمیر کے اضلاع کی  انچارج ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے پیسوں سے ترنگا خریدنے کے لئے آگے آ رہے ہیں۔

 اس کی کم از کم قیمت 20 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ لوگ اس سے زیادہ پیشکش کرنے کے لیے تیار ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگ پرچم کی عزت کی خاطر، زیادہ پیسے بھی خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسے لوگ بھی ہیں جو پرچم کے لیے 1000 سے 2000 روپے تک ادائیگی کرنے کو تیار ہیں،تاکہ 'ہر گھر ترنگا' مہم کے تحت زیادہ سے زیادہ گھروں تک ترنگے پہنچ سکیں۔