حج 2026 : حکومت کی نجی عازمین کے لئے ایڈوائزری ۔ بکنگ کی آخری تاریخ 15جنوری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-12-2025
حج 2026 : حکومت کی نجی عازمین کے لئے ایڈوائزری ۔ بکنگ کی آخری تاریخ 15جنوری
حج 2026 : حکومت کی نجی عازمین کے لئے ایڈوائزری ۔ بکنگ کی آخری تاریخ 15جنوری

 



 نئی دہلی : مرکز نے نجی آپریٹروں کے ذریعے حج 2026 ادا کرنے کا ارادہ رکھنے والے ہندوستان کے عازمین سے کہا ہے کہ وہ اپنی بکنگ 15 جنوری 2026 تک مکمل کر لیں۔ یہ ہدایت سعودی حکام کی جانب سے رہائش اور دیگر انتظامات کے لئے مقرر کی گئی سخت ٹائم لائن کے تحت دی گئی ہے۔

اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ایک سرکاری ایڈوائزری جاری کی اور عازمین سے اپیل کی کہ وہ بروقت درخواست دیں اور صرف منظور شدہ حج گروپ آرگنائزرز اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے ہی بکنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جلد درخواست دینا اور صرف مجاز آپریٹروں کا انتخاب کرنا عازمین کی سہولت کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 15 جنوری 2026 تک بروقت بکنگ سے آخری وقت کی مشکلات سے بچا جا سکتا ہے اور اس مقدس سفر کے لئے بہتر انتظامات ممکن ہوں گے۔

سرکلر کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کی طے کردہ ٹائم لائن کے تحت 1 فروری 2026 حج 2026 کے لئے رہائش اور خدمات کے معاہدے حتمی کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ یہ معاہدے سعودی عرب میں عازمین کے لئے رہائش ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامی سہولیات حاصل کرنے کے لئے لازمی ہیں۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حج گروپ آرگنائزرز اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو تیاری اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لئے مناسب وقت درکار ہوتا ہے۔ اسی لئے ان عازمین کو جو ان آپریٹروں کے ذریعے حج ادا کرنا چاہتے ہیں سختی سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی بکنگ پہلے ہی محفوظ کر لیں تاکہ سعودی ڈیڈ لائن پر عمل ہو سکے۔

حکومت نے کسی بھی رکاوٹ سے بچنے کے لئے عازمین کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام بکنگ رسمی کارروائیاں 15 جنوری 2026 تک مکمل کر لیں۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اس سے ضروری معاہدوں کی بروقت تکمیل ممکن ہوگی اور آخری وقت کی پریشانی سے بچا جا سکے گا۔

عازمین کو یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی ادائیگی سے پہلے متعلقہ حج گروپ آرگنائزر یا پرائیویٹ ٹور آپریٹر کی رجسٹریشن حیثیت کوٹہ الاٹمنٹ اور منظوری کی تصدیق ضرور کریں اور صرف مجاز آپریٹروں کے ذریعے ہی بکنگ کریں۔

گزشتہ ماہ کرن رجیجو نے جدہ میں سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ حج معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ اس معاہدے کے تحت ہندوستانکا حج کوٹہ 2026 کے لئے 175025 عازمین پر طے کیا گیا ہے۔