حج 2026:تمام تر کارروائیوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2025
حج 2026:تمام تر کارروائیوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے
حج 2026:تمام تر کارروائیوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے

 



نئی دہلی:اگر آپ اگلے سال یعنی 2026 میں حج پر جانے کی تیاری کر رہے ہیں تو آپ کے لیے ایک خوشخبری ہے۔ مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے سال سے سفر حج کی تمام تر کارروائیوں کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد زائرین کو زیادہ سہولیات اور شفاف عمل فراہم کرنا ہے۔

یہ اعلان مرکزی وزیر کیرن رجیجو نے حج ریویو میٹنگ کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2025 کا حج انتظامیہ کے لحاظ سے اب تک کا سب سے کامیاب حج رہا، اور اب حکومت 2026 کے لیے پہلے ہی سے تیاریوں میں مصروف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حج پر جانے والے تمام افراد کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پابندِ عہد ہے۔

کیرن رجیجو نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے کے اندر 2026 حج کے لیے حج پورٹل کا آغاز کیا جائے گا۔ جو افراد اگلے سال حج پر جانے کے خواہشمند ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دی گئی ٹائم لائن کی سختی سے پیروی کریں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر کسی زائر کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے تو اس کے ساتھ کسی قریبی شخص یا رشتہ دار کا جانا لازمی ہوگا، تاکہ وہ دورانِ سفر بہتر دیکھ بھال کر سکے۔