گیان واپی مسجد معاملہ، مسلم فریق کو اعتراض داخل کرنے کے لئے ایک دن کا وقت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 18-05-2022
گیان واپی مسجد معاملہ، مسلم فریق کو اعتراض داخل کرنے کے لئے ایک دن کا وقت
گیان واپی مسجد معاملہ، مسلم فریق کو اعتراض داخل کرنے کے لئے ایک دن کا وقت

 



 

وارانسی: بنارس کے گیان واپی سروے معاملے میں عدالت نے مسلم فریق کو اعتراض داخل کرنے کے لیے ایک دن کا وقت دیا ہے۔ مسلم فریق نے عدالت سے مسجد کی دیوار توڑنے اور شیولنگ کی پیمائش کرنے کی درخواست پر اعتراض داخل کرنے کے لیے دو دن کا وقت مانگا تھا۔

عدالتی کمیشن میں اجے مشرا کو شامل کرنے کی درخواست پر بھی کل سماعت ہوگی۔ کل یعنی 19 مئی کو کورٹ کمشنر وشال سنگھ کو سروے رپورٹ عدالت میں داخل کرنی ہے۔ عدالت کل تمام درخواستوں کی سماعت کرے گی۔

غور طلب ہے کہ گیان واپی معاملے میں ہندو فریق کی جانب سے آج وارانسی کورٹ میں ایک نئی درخواست داخل کی گئی ہے۔ جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہٹائے گئے کورٹ کمشنر اجے مشرا کی طرف سے 6 اور 7 مئی کو صرف گیان واپی مسجد میں کئے گئے سروے کی رپورٹ داخل کرنے کی اجازت دی جائے۔

اس کے ساتھ کمشنر اجے مشرا کو دوبارہ کمیشن میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ دراصل، منگل کو گیان واپی مسجد کے سروے کیس میں وارانسی کی عدالت نے ایڈوکیٹ کمشنر اجے مشرا کو ہٹا دیا تھا۔ مشرا کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھائے جانے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت نے باقی دو کمشنروں کو بھی رپورٹ داخل کرنے کے لیے دو دن کا وقت دیا تھا۔ عدالت نے پایا تھا کہ اجے مشرا نے گیان واپی مسجد کے سروے کے لیے ایک پرائیویٹ ویڈیو گرافر کی خدمات حاصل کی تھیں، وہ اس معاملے سے متعلق مسائل پر میڈیا میں مسلسل بول رہے تھے۔ جس کی وجہ سے مشرا کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔