گیان واپی معاملہ: ضلعی عدالت میں سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-08-2022
گیان واپی معاملہ: ضلعی عدالت میں سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ
گیان واپی معاملہ: ضلعی عدالت میں سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ

 

 

 بنارس: گیان واپی-شرینگار تنازعہ پر مقدمے کی سماعت آگے بڑھے گی یا نہیں اس کا فیصلہ 12 ستمبر کو آسکتا ہے۔ ضلع جج ڈاکٹر اجے کرشنا وشویش کی عدالت میں بدھ کو تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک سماعت ہوئی۔

مسلم فریق یعنی انجمن اتحادیہ مسجد کمیٹی نے مدعیان کے دلائل پر اپنا جوابی موقف رکھا۔ فی الحال ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں کئی تاریخوں سے جاری آرڈر-7 رول-11 پر فریقین کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں۔

ڈسٹرکٹ جج کی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ عدالت نے سماعت کی اگلی تاریخ 12 ستمبر2022 مقرر کی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ اب 12 ستمبر کو عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی کہ  شرنگار گوری کا معاملہ مزید سماعت کے قابل ہے یا نہیں۔

جوابی دلائل میں، مسجد کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ گیان واپی مسجد وقف کی ملکیت ہے۔ اس لیے وقف بورڈ کو گیان واپی مسجد سے متعلق معاملے کی سماعت کا حق ہے نہ کہ دیوانی عدالت کو۔ جواب میں مدعیہ کی خواتین کی جانب سے کہا گیا کہ عالمگیر مسجد کی دستاویزات پیش کرکے مسلم فریق اسے گیان واپی مسجد بتارہا ہے۔ گیان واپی کو وقف کی جائیداد کا دعویٰ کرکے دھوکہ دہی کی جارہی ہے۔

راکھی سنگھ سمیت پانچ خواتین نے گزشتہ سال سول جج (سینئر ڈویژن) کی عدالت میں شرنگار گوری کی پوجا کرنے اور اسے گیان واپی کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی۔ مدعا علیہ انجمن انصافیہ مسجد نے درخواست دائر کی اور مقدمے کی برقراری پر سوال اٹھایا۔

کیس کی سماعت کرتے ہوئے سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت نے گیان واپی کیمپس کے سروے کا حکم دیا تھا۔ کورٹ کمشنر کے سروے کے دوران ہندو فریق نے دعویٰ کیا کہ آدیویشور کا شیولنگ گیان واپی کے وضوخانہ میں پایا گیا تھا۔ یہ ثبوت کا ایک اہم حصہ ہے، اس لیے اسے محفوظ کیا جانا چاہیے۔

ہندو فریق کے دعوے پر عدالت نے وضوخانہ کو سیل کرنے کا حکم دے دیا۔ اس پر مسلم فریق نے سروے کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی۔ اس پر سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں کی جائے۔ کیس کی سماعت 27 مئی سے ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں چل رہی ہے۔ اب سب کی نظریں 12 ستمبر پر ہیں۔