رائے پور: بھارتیہ گیان پیٹھ ایوارڈ سے اعزاز یافتہ معروف ادیب ونود کمار شکلا کا منگل کی شام یہاں انتقال ہو گیا۔ وہ 89 برس کے تھے۔ ان کے بیٹے شاشوت شکلا نے یہ اطلاع دی۔ شاشوت شکلا نے پی ٹی آئی،بھاشا کو بتایا کہ سانس لینے میں دشواری کے بعد شکلا کو اسی ماہ کی دو تاریخ کو رائے پور کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں داخل کرایا گیا تھا۔
آج شام 4 بج کر 48 منٹ پر انہوں نے آخری سانس لی۔ ونود کمار شکلا کے اہلِ خانہ میں ان کی اہلیہ، بیٹا شاشوت اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ شاشوت نے بتایا کہ شکلا کے جسدِ خاکی کو پہلے ان کی رہائش گاہ لے جایا جائے گا۔ آخری رسومات کے بارے میں معلومات جلد فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اکتوبر کے مہینے میں سانس کی تکلیف کے بعد شکلا کو رائے پور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
صحت میں بہتری آنے کے بعد انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی تھی اور وہ گھر پر ہی علاج کرا رہے تھے۔ یکم نومبر کو جب وزیر اعظم نریندر مودی نے چھتیس گڑھ کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے شکلا اور ان کے اہلِ خانہ سے بات کی تھی اور ان کی صحت و خیریت کے بارے میں معلومات حاصل کی تھیں۔ شاشوت نے بتایا کہ دو دسمبر کو اچانک طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں رائے پور ایمس لے جایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری تھا۔ ’
نوکر کی قمیص‘، ’کھلے گا تو دیکھیں گے‘، ’دیوار میں ایک کھڑکی رہتی تھی‘ اور ’ایک چپ جگہ‘ جیسے مشہور ناولوں کے خالق ونود کمار شکلا کو 59ویں گیان پیٹھ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ 21 نومبر کو رائے پور میں ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک تقریب میں انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا گیا تھا۔
چھتیس گڑھ کے راج ناندگاؤں میں یکم جنوری 1937 کو پیدا ہونے والے ونود کمار شکلا ہندی ادب کے ایسے تخلیق کار تھے جو نہایت دھیمے لہجے میں بولتے تھے، مگر ادب کی دنیا میں ان کی آواز بہت دور تک سنائی دیتی تھی۔ انہوں نے متوسط طبقے، سادہ اور اکثر نظر انداز ہو جانے والی زندگی کو الفاظ عطا کرتے ہوئے ہندی ادب میں ایک بالکل منفرد، حساس اور جادوئی دنیا تخلیق کی۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’لگ بھگ جے ہند‘ 1971 میں شائع ہوا، جس کے ساتھ ہی ان کی مخصوص زبان، خاموشی اور اندر تک اتر جانے والی نرم حساسیت ہندی شاعری میں نمایاں ہونے لگی۔ ان کا ناول ’نوکر کی قمیص‘ (1979) نے ہندی افسانوی ادب کو ایک نیا موڑ دیا، جس پر ہدایت کار منی کول نے فلم بھی بنائی۔
ونود کمار شکلا کو ساہتیہ اکادمی ایوارڈ، گجانن مادھو مکتی بودھ فیلوشپ، رضا ایوارڈ، شکھر سمان، قومی میتھلی شرن گپت سمان، دیوایتی مودی کوی شیکھر سمان، ہندی گورو سمان اور 2023 میں پین-نابوکوف جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا تھا۔