گرمیت رام رحیم کو عمر قید

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-10-2021
گرمیت رام رحیم کو عمر قید
گرمیت رام رحیم کو عمر قید

 


آواز دی وائس، ایجنسی

رنجیت سنگھ قتل کیس میں عدالت نے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سمیت 5 دیگر مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس معاملے میں رام رحیم کے علاوہ دیگر چار مجرموں کے نام جسبیر ، اوتار ، کرشنا لال اور سبدل ہیں۔

پنچکولہ میں سی بی آئی جج سوشیل گرگ نے رام رحیم پر 31 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ باقی چار مجرموں کو پچاس۔پچاس ہزار روپے کا جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔

رام رحیم کو صحافی رام چندر چھترپتی قتل کیس میں عمر قید کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ رام رحیم کو دو سادھویوں کے جنسی استحصال کیس میں 10 سال کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔

ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ رام رحیم کے وکیل اجے برمن نے کہا کہ وہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

وہیں عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد سی بی آئی کے وکیل ایچ پی ایس ورما نے  کہا کہ رنجیت سنگھ قتل کیس میں دی گئی سزا پہلے دی گئی سزا کے ساتھ چلے گی۔

دوسری جانب رنجیت سنگھ کے بیٹے جگسیر نے عدالت کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس سے قبل پیر کی صبح ، مجرم رام رحیم کی پیشی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی دیگر 4 مجرموں کو پنچکولہ عدالت میں لایا گیا۔

دوسری جانب پیر کو فیصلے کی وجہ سے پنچکولہ ضلعی انتظامیہ نے صبح ہی سے پورے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔ پورے پنچکولہ میں آئی ٹی بی پی اہلکاروں کے ساتھ پولیس اہلکار تعینات تھے۔

شہر میں آنے والے لوگوں کو مکمل تلاشی لینے کے بعد ہی آگے بڑھنے دیا گیا۔ سی بی آئی کے وکیل ایچ پی ایس ورما نے رام رحیم اور چاروں مجرموں کے لیے سزائے موت مانگی تھی ، لیکن عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی۔

اس سے قبل رام رحیم نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس ملک کے شہری ہیں اور اسے عدالت پر مکمل اعتماد ہے۔ اس نے اپنی بیماری اور ڈیرہ کے ذریعہ چلائے جانے والے سماجی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے سزا میں رعایت مانگی۔

رنجیت سنگھ قتل کیس میں سی بی آئی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 12 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ سی بی آئی کے جج سوشیل گرگ نے 18 اکتوبر2021 کی تاریخ دی تھی جب مجرموں کے وکلاء نے سی بی آئی کی طرف سے دیے گئے دلائل کو پڑھنے کے لیے وقت مانگا تھا۔

دس جولائی 2002 کو کوروکشتر کے رنجیت سنگھ ، جو ڈیرہ سچا سودا کی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن تھے ، کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ڈیرہ انتظامیہ کو شبہ تھا کہ یہ رنجیت سنگھ تھا جس نے اپنی بہن کو سادھوی جنسی زیادتی کیس میں ایک گمنام خط لکھوایا۔

 رنجیت سنگھ کے والد نے جنوری 2003 میں پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ، جس میں اپنے بیٹے کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ، جسے ہائی کورٹ نے قبول کر لیا۔

سی بی آئی نے اس معاملے میں رام رحیم سمیت 5 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ 2007 میں ، سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے ملزمان پر الزامات مرتب کیے اور انہیں 8 اکتوبر 2021 کو مجرم ٹھہرایا۔

رنجیت سنگھ قتل کیس میں 3 لوگوں کی گواہی اہم تھی۔ ان میں سے دو عینی شاہدین سکھدیو سنگھ اور جوگندر سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے ملزم کو رنجیت سنگھ پر فائرنگ کرتے دیکھا۔ تیسرا گواہ کھٹہ سنگھ تھا ، جو ڈیرامکھی کا ڈرائیور تھا۔

کھٹہ سنگھ کے مطابق رنجیت سنگھ کواس کے سامنے قتل کرنے کی سازش رچی گئی۔ کھٹہ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ رام رحیم نے رنجیت سنگھ کو اس کے سامنے قتل کرنے کو کہا۔

کیس کی ابتدائی سماعت کے دوران کھٹہ سنگھ نے عدالت میں یہ بیان واپس لے لیا تھا ، لیکن کئی سالوں کے بعد وہ دوبارہ عدالت میں پیش ہوئے اور گواہی دی۔ ان کی گواہی کی بنیاد پر پانچوں کو مجرمین کو سزا سنائی گئی۔