جموں و کشمیر کے رہنما وزیراعظم سے ملیں گے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 22-06-2021
گپکار رہنما
گپکار رہنما

 

 

 

 مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 اور 25 اے کی منسوخی کے بعد یہ پہلا اتفاق ہے جب کہ گپکار اتحاد کے سبھی رہنما وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

آئندہ 24 جون 2021 کو وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر جموں وکشمیر کے مختلف اعلیٰ رہنما نئی دہلی آ رہے ہیں۔ جہاں وہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر رکن پارلیمان فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم میٹنگ میں حصہ لینے دہلی جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے سامنے اپنے مطالبات رکھیں گے۔

میٹنگ میں فاروق عبداللہ کے ساتھ پی ڈی پی کی رہنما و جموں و کمشیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور ایم وائی تاریگامی جیسے جموں وکشمیر دیگر بڑے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ نے کہا کہ گپکار اعلامیہ کے جن رہنماوں کو وزیر اعظم کی طرف سے دعوت ملی ہے، سبھی لوگ میٹنگ میں شامل ہوں گے۔

وہیں محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ بات چیت کے خلاف نہیں ہیں، تاہم وہ یہ چاہتی ہیں کہ حکومت اعتماد پیدا کرنے کے لئے پہلے کچھ کرے۔ گپکار اتحاد کے رہنماوں کے ذریعہ میٹنگ میں شامل ہونے کا فیصلہ منگل کو میٹنگ کے بعد لیا گیا ہے۔

گپکار اعلامیہ اتحاد (پی اے جی ڈی) کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کو بتایا کہ اتحاد وزیراعظم نریندر مودی کے ذریعہ بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوگا۔ یہ اعلان یہاں فاروق عبداللہ کے گپکار روڈ واقع رہائش گاہ پر مرکز کی دعوت پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے بلائی گئی پی اے جی ڈی رہنماوں کی میٹنگ کے بعد کی گئی۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی اور مارکسوادی کمونسٹ پارٹی کے رہنما ایم وائی تاریگامی سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنما نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر صبح 11 بجے پہنچے، جہاں رہنماوں نے اآپس میں گفت وشنید کی۔