گاندھی نگر: گجرات حکومت نے بدھ کے روز 6 اور 7 جولائی کو سورت میں سیلاب جیسی صورتحال سے متاثر ہونے والے تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے بازآبادکاری اور امدادی پیکیج کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔
امدادی پیکیج کے تحت شدید بارش سے متاثرہ افراد کو ایک لاکھ روپے تک کی یکمشت مالی امداد، قرضوں پر سود میں سبسڈی اور رہائشی و تجارتی املاک کے لیے ایک سال تک میونسپل پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ دی جائے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ ہرش سنگھوی نے گاندھی نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سورت کے تاجروں اور کاروباری افراد کو دوبارہ اپنے کاروبار کھڑا کرنے میں مدد دینے کے لیے یہ پیکیج منظور کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کاروبار دوبارہ شروع کرنے کے لیے ریڑھی، ٹھیلہ اور چھوٹے و بڑے کیبن کے مالکان کو یکمشت نقد امداد فراہم کی جائے گی۔ سرکاری بیان کے مطابق لاری یا ہینڈ کارٹ چلانے والوں کو 7,500 روپے دیے جائیں گے، جبکہ 40 مربع فٹ تک کے کیبن کے مالکان کو 25 ہزار روپے اور 40 مربع فٹ سے بڑے کیبن کے مالکان کو 50 ہزار روپے کی امداد ملے گی۔
مستقل دکانوں کے وہ مالکان جنہوں نے گزشتہ سہ ماہی کا جی ایس ٹی ریٹرن جمع کرایا ہے، انہیں ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بینک اور مالیاتی ادارے متاثرہ کاروباری اداروں اور مستقل دکانوں کے مالکان کو قرض بھی فراہم کریں گے، بشرطیکہ انہوں نے گزشتہ سہ ماہی کا جی ایس ٹی ریٹرن داخل کیا ہو۔
جن مستقل دکانوں کا ماہانہ کاروبار گزشتہ سہ ماہی کے جی ایس ٹی ریٹرن کے مطابق 7.5 لاکھ روپے تک ہے، انہیں 20 لاکھ روپے تک کے مدت والے قرض پر تین سال کے لیے 7 فیصد سودی سبسڈی دی جائے گی، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 5 لاکھ روپے ہوگی۔ جن دکانوں کا ماہانہ کاروبار 7.5 لاکھ سے 15 لاکھ روپے کے درمیان ہے، انہیں 25 لاکھ روپے تک کے قرض پر تین سال کے لیے 7 فیصد سودی سبسڈی ملے گی، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 8 لاکھ روپے ہوگی۔
اسی طرح 15 لاکھ روپے سے زیادہ ماہانہ کاروبار رکھنے والی مستقل دکانوں کو 30 لاکھ روپے تک کے قرض پر تین سال کے لیے 7 فیصد سودی سبسڈی دی جائے گی، جس کی زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ روپے ہوگی۔ سرکاری بیان کے مطابق یکمشت نقد امداد کے اہل افراد کو سروے، تصاویر، ویڈیو ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر نقصان کا جائزہ لینے کے بعد معاوضہ دیا جائے گا۔
متاثرین کو 30 ستمبر 2026 تک مقررہ فارم میں درخواست متعلقہ سورت میونسپل کمشنر، مملتدار یا میونسپلٹی کے چیف آفیسر کے دفتر میں جمع کرانی ہوگی۔ گجرات حکومت نے سورت شہر کے سیلاب سے متاثرہ رہائشی اور تجارتی علاقوں کے لیے ایک سال کا پراپرٹی ٹیکس بھی معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہرش سنگھوی نے بتایا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں صفائی مہم چلائی گئی، صحت سے متعلق خدشات کے پیش نظر طبی کیمپ قائم کیے گئے اور میونسپل کارپوریشن و ریاستی حکومت نے فوری اقدامات کیے۔ سرکاری بیان کے مطابق اب تک 19,256 خاندانوں کو نقد امداد اور 39,237 افراد کو مالی ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے، جس پر مجموعی طور پر 13.15 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔