گجرات (بھارت): اس بار گجرات کے بلدیاتی انتخابات میں ایک نیا سیاسی موڑ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں اسدالدین اویسی کی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے اپنی موجودگی درج کراتے ہوئے خاص طور پر کچھ علاقوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ انتخابات اس لیے بھی اہم سمجھے جا رہے ہیں کیونکہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے پہلی بار کَچھ کے علاقے میں مؤثر انداز میں انٹری دی ہے۔ کَچھ ضلع کی بھُج میونسپلٹی میں AIMIM نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔ وارڈ نمبر 1 میں پارٹی کے تین امیدوار کامیاب ہوئے۔ سر فراز نے 3705 ووٹ، مختار نے 3581 ووٹ اور روشن نے 3370 ووٹ حاصل کیے۔
ایک نشست پر کانگریس امیدوار بھی کامیاب رہا۔ اس کامیابی کے ساتھ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے کَچھ کی سیاست میں اپنی جگہ مضبوط کر لی ہے اور آنے والے وقت میں یہاں مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ دیگر علاقوں کے نتائج: سورت میں بھی سیاسی حالات بدلتے نظر آئے۔
وارڈ نمبر 19 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) نے کامیابی حاصل کی، جہاں اسلم سائیکل والے کے بیٹے کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ احمدآباد کے سَیج پور بوگھا علاقے میں بھی بی جے پی پینل نے کامیابی حاصل کی، جس سے شہری علاقوں میں پارٹی کی مضبوط گرفت برقرار رہی۔
دوسری جانب سورت کی جھانکوا تعلقہ پنچایت سیٹ پر کانگریس نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ یہاں کانگریس امیدوار کشور چودھری نے بی جے پی کی بھوانا واسوا کو 171 ووٹوں سے شکست دی۔ یہ نشست بی جے پی کے رکن اسمبلی گنپت سنگھ واسوا کے اثر و رسوخ والے علاقے میں آتی ہے، اس لیے یہ نتیجہ خاص اہم سمجھا جا رہا ہے۔
مجموعی طور پر ان بلدیاتی انتخابات میں جہاں بی جے پی نے کئی مقامات پر اپنی مضبوط پوزیشن برقرار رکھی، وہیں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی انٹری نے ریاستی سیاست میں نیا رنگ بھر دیا ہے۔ کَچھ میں پارٹی کی کارکردگی اس بات کا اشارہ ہے کہ آنے والے وقت میں گجرات کی سیاست میں نئے سیاسی اتحاد اور مقابلے مزید دلچسپ ہو سکتے ہیں۔