پلوامہ دہشت گردانہ حملے کی ملزمہ انشا جان کی ضمانت کی درخواست مسترد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 22-08-2026
پلوامہ دہشت گردانہ حملے کی ملزمہ انشا جان کی ضمانت کی درخواست مسترد
پلوامہ دہشت گردانہ حملے کی ملزمہ انشا جان کی ضمانت کی درخواست مسترد

 



جموں: جموں کی ایک خصوصی این آئی اے عدالت نے 2019 میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت سے متعلق پلوامہ خودکش حملے کی ملزمہ انشا جان عرف انشا طارق کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے کہا کہ یہ ماننے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں کہ اس کے خلاف عائد الزامات بادی النظر میں درست ہیں۔

خصوصی جج پریم ساگر نے 20 اگست کو جاری کیے گئے 15 صفحات پر مشتمل حکم میں کہا کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کی دفعہ 43-D(5) کے تحت عائد قانونی پابندی اس مرحلے پر انشا جان کی رہائی کی اجازت نہیں دیتی۔ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ہرکی پورہ گاؤں کی رہنے والی انشا جان کو 3 مارچ 2020 کو اس کے والد پیر طارق احمد شاہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔

انشا جان کے خلاف رنبیر تعزیرات کوڈ، یو اے پی اے، آرمز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹنسز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ عدالت نے 10 دسمبر 2022 کو اس کے خلاف الزامات طے کیے تھے۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی چارج شیٹ کے مطابق، انشا جان مبینہ طور پر دہشت گردانہ سازش میں شامل تھی اور پاکستانی دہشت گرد محمد عمر فاروق کے مسلسل رابطے میں تھی۔

فاروق ایک اور پاکستانی دہشت گرد محمد کامران علی کے ساتھ پلوامہ حملے کی سازش میں شامل تھا۔ بعد میں دونوں کو سکیورٹی فورسز نے الگ الگ کارروائیوں میں ہلاک کردیا تھا۔ انشا جان پر دو دہشت گردوں اور جیشِ محمد کے دیگر ارکان کو کھانا فراہم کرنے، پناہ دینے اور دیگر ضروری مدد فراہم کرنے کا بھی الزام ہے۔

اس کے علاوہ، 14 فروری 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد جاری کیے گئے خودکش بمبار عادل احمد ڈار کے ویڈیو کو مبینہ طور پر 28 اور 29 جنوری کو انشا جان کے گھر پر ہی ریکارڈ کیا گیا تھا۔ عدالت نے دفاع اور این آئی اے دونوں کے دلائل سننے کے بعد انشا جان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔

دفاع کی جانب سے بنیادی طور پر انشا جان کی طویل حراست، مقدمے میں مبینہ تاخیر اور اس کی صحت کی صورتحال کا حوالہ دیا گیا۔ دوسری جانب این آئی اے نے الزامات کی سنگینی، تفتیش کے دوران جمع کیے گئے شواہد اور یو اے پی اے کی دفعہ 43-D(5) کے تحت ضمانت پر عائد پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے درخواست کی مخالفت کی۔ دفاع نے کہا کہ انشا جان چھ سال سے زیادہ عرصے سے زیر حراست ہے اور مقدمے کی طویل تاخیر کے باعث اس کی مسلسل حراست غیر مناسب ہے۔