گاندھی نگر/ آواز دی وائس
گجرات کی انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے حال ہی میں 4 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔ اب اسی القاعدہ ان انڈین سب کانٹیننٹ ماڈیول سے مبینہ طور پر جُڑی پانچویں شخص، شمع پروین کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جھارکھنڈ کی رہنے والی 30 سالہ شمع گزشتہ 5 برس سے بنگلورو میں مقیم تھی۔ اسے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے انتہاپسند مواد پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
۔22 جولائی کو چار افراد کی ہوئی تھی گرفتاری
شمع پروین کی گرفتاری 22 جولائی کو چار دیگر افراد کی گرفتاری کے بعد عمل میں آئی جن میں احمد آباد سے محمد فردین، دہلی سے محمد فائق، نوئیڈا سے ذیشان علی، اور گجرات کے ضلع اراولی کے موڈاسا سے سیف اللہ قریشی شامل ہیں۔ ان پر انسٹاگرام اور فیس بک کے ذریعے القاعدہ ان انڈین سب کانٹیننٹ ماڈیول سے متعلق شدت پسند مواد کو مبینہ طور پر فروغ دینے کا الزام ہے، جس پر ان کے خلاف غیرقانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 اور ہندوستانی انصاف کوڈ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ڈی ایس پی ویرجیت سنگھ پرمار کی قیادت میں گجرات اے ٹی ایس کی ٹیم نے مرکزی ایجنسیوں اور بنگلورو پولیس کی مدد سے 29 جولائی کو شمع پروین کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کر لیا۔ اسے بنگلورو کی آٹھویں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں جسٹس وشوناتھ نے گجرات پولیس کو اس کے لیے ٹرانزٹ وارنٹ جاری کر دیا۔
موبائل سے شدت پسند مواد کی تصدیق
گجرات اے ٹی ایس کے مطابق، پروین کے موبائل فون کی ابتدائی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ان چار گرفتار افراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلا رہی تھی اور اس نے مولانا عاصم عمر اور انوار الاولاکی جیسے القاعدہ ان انڈین سب کانٹیننٹ ماڈیول رہنماؤں کے ویڈیوز پوسٹ کیے تھے جو تشدد آمیز جہاد اور غزوۂ ہند کو فروغ دیتے ہیں۔ اس نے مبینہ طور پر لاہور کی لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز کے ویڈیوز بھی شیئر کیے تھے، جن میں مبینہ طور پر ہندوستانی حکومت کو گرانے اور فرقہ وارانہ فساد بھڑکانے کے لیے مسلح جدوجہد کی اپیل کی گئی تھی۔
پروین کے ونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام سےتعلقات کا بھی شبہ
افسران کے مطابق، پروین کا رابطہ سوشل میڈیا کے ذریعے یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام سے جُڑے افراد سے بھی تھا۔ اس کی آن لائن سرگرمیوں کا مقصد عوام کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنا اور انتہاپسند تحریکوں کے لیے حمایت حاصل کرنا تھا۔ گرفتاری کے بعد پروین کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر احمد آباد لے جایا گیا۔
مزید سوشل میڈیا اور غیرملکی رابطوں کا انکشاف
افسران نے بتایا کہ اس کے فون کی تفصیلی جانچ میں کچھ مزید سوشل میڈیا ہینڈلز، ای میل اکاؤنٹس اور بیرون ملک خاص طور پر پاکستانی اداروں سے مشتبہ روابط کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ کرناٹک میں خفیہ ایجنسیاں اور پولیس اب اس کے مقامی رابطوں اور کسی بڑے نیٹ ورک کی کھوج میں مصروف ہیں۔