نئی دہلی/ آواز دی وائس
ملک میں آج یعنی 22 ستمبر سے جی ایس ٹی کی نئی شرحیں نافذ ہو گئی ہیں۔ اس میں عام شہریوں کو کافی راحت دی گئی ہے۔ جی ایس ٹی ریفارم میں حکومت نے کئی چیزوں پر جی ایس ٹی کی شرح گھٹا کر صفر کر دی ہے۔ اس میں روٹی سے لے کر نوٹ بُک تک شامل ہیں۔
جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں ہوا تھا فیصلہ
جی ایس ٹی کونسل نے 3 ستمبر 2025 کو ہونے والی اپنی 56ویں میٹنگ میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ملک کے موجودہ چار سلیب والے جی ایس ٹی اسٹرکچر (5فیصد، 12فیصد، 18فیصد اور 28فیصد) کو ختم کر کے دو سطحی (5فیصد اور 18فیصد) نظام میں تبدیل کر دیا ہے۔ جبکہ کچھ خصوصی اشیاء پر 40فیصد کا نیا سلیب نافذ ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد ہندوستان کے بالواسطہ ٹیکس اسٹرکچر کو سادہ اور شفاف بنانا ہے۔
ان پر نہیں لگے گا جی ایس ٹی
نئی جی ایس ٹی اصلاحات کے تحت، اب روزمرہ میں استعمال ہونے والی کئی چیزیں سستی ہو گئی ہیں۔ جیسے پنیر اور چھینا (پری-پیکجڈ و لیبل شدہ)، پیزا بریڈ، کھاکھرا، الٹرا ہائی ٹمپریچر دودھ، چپاتی/روٹی، پراٹھا، کُلسہ اور دوسری روایتی بریڈ پر پہلے 5 فیصد جی ایس ٹی لگتا تھا، لیکن اب ان پر کوئی ٹیکس نہیں لگے گا۔
اسی طرح، ذاتی صحت اور لائف انشورنس، کچھ جان بچانے والی دوائیں (کل 33 دوائیں) اور میڈیکل گریڈ آکسیجن پر بھی جی ایس ٹی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ شارپنر، کریون، پیسٹل، کاپی، نوٹ بُک، پینسل، ایریزر، چاک اور یہاں تک کہ شیشے کی چوڑیاں (سونا-چاندی کے بغیر والی)، ان پر 12 فیصد ٹیکس لگتا تھا، جن پر اب جی ایس ٹی نہیں لگے گا۔ ساتھ ہی پرائیویٹ ٹیوشن، 12ویں تک کے کوچنگ سینٹر، ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ، اسکل ڈویلپمنٹ کورسز اور چیریٹیبل اسپتال و ٹرسٹ کی خدمات بھی اب جی ایس ٹی سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہو گئی ہیں۔
۔21 ستمبر کو قوم کے نام خطاب میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک نوراتری کے پہلے دن اگلی جنریشن کی جی ایس ٹی اصلاحات کے ساتھ ‘خود انحصاری’ کی طرف ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے۔ وزیراعظم نے جی ایس ٹی اور انکم ٹیکس اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ہندوستان کے لوگوں کو کل 2.5 لاکھ کروڑ روپے تک کی بچت ہوگی اور کاروباروں کے لیے عمل مزید آسان ہوں گے۔ انہوں نے ایم ایس ایم ایز اور دیسی مصنوعات کو عالمی معیار کا بنانے پر بھی زور دیا۔