نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اصلاحات آج سے پورے ملک میں نافذ ہو جائیں گی اور اس سے عام عوام کی بچت میں اضافہ ہوگا۔ امت شاہ نے ان کٹوتیوں کو "تاریخی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ 390 سے زائد مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی نافذ کی گئی ہے۔
امت شاہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ نوراتری کے پُنیہ موقع پر ملک کی تمام ماؤں اور بہنوں کو مودی حکومت کا نیکسٹ جنریشن جی ایس ٹی ریفارم کا تحفہ! جی ایس ٹی اصلاحات کے تعلق سے مودی کا ملک کے عوام سے کیا گیا وعدہ آج سے پورے ملک میں نافذ ہو گیا ہے۔ اس جی ایس ٹی میں 390 سے زائد اشیاء پر ٹیکس میں تاریخی کمی کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طبی اور صحت کے شعبوں سمیت دیگر کئی شعبوں میں جی ایس ٹی میں کمی سے عوام کی بچت میں اضافہ ہوگا۔ امت شاہ نے کہا کہ خوراک اور گھریلو سامان، مکان سازی اور تعمیراتی مواد، آٹوموبائل، زراعت، خدمات، کھلونے، کھیل اور ہنرکاری، تعلیم، طب اور صحت، انشورنس وغیرہ کے شعبوں میں جی ایس ٹی میں بے مثال راحت عوام کی زندگی میں خوشیاں لائے گی اور ان کی بچت میں اضافہ کرے گی۔
اسی دوران، وزیر اعظم نریندر مودی نے نوراتری کے پُنیہ موقع پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس موقع پر "خود انحصاری" کے منتر کو نئی توانائی ملی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی تعمیر کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی اپیل کی۔
اس نوراتری کو "انتہائی خاص" قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ تہوار جی ایس ٹی بچت مہوتسو کے ساتھ آیا ہے، جو ہندوستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے خیال کو مزید تقویت دے گا۔
وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا کہ اس بار نوراتری کا یہ پُنیہ موقع انتہائی خاص ہے۔ جی ایس ٹی بچت اتسو کے ساتھ ساتھ خود انحصاری کے منتر کو بھی اس دوران نئی توانائی ملنے والی ہے۔ آئیے ہم سب مل کر ایک ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کے عزم کو پورا کرنے کے لیے اجتماعی کوشش کریں۔
نوراتری کے ان نو دنوں میں بھکت روزہ رکھتے ہیں، بھجن گاتے ہیں اور گربا اور ڈانڈیا جیسے روایتی رقصوں میں حصہ لیتے ہیں جس سے خوشی اور مسرت کا ماحول بنتا ہے۔ نوراتری کے دن ہندو سماج میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں اور بڑی دھوم دھام سے منائے جاتے ہیں۔
نوراتری کا اختتام 2 اکتوبر کو وجے دشمی یا دسہرا کے ساتھ ہوگا۔