نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ بایومیٹرک پر مبنی آدھار تصدیق کے بغیر اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) رجسٹریشن کی اجازت نہ دی جائے۔ جسٹس انیل کھیترپال اور جسٹس شیل جین کی بنچ نے ان عرضیوں پر سماعت کے بعد یہ حکم دیا، جن میں عرضی گزاروں کے پین کارڈ اور آدھار کارڈ نمبروں کا استعمال کرکے فرضی جی ایس ٹی رجسٹریشن کیے جانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
بنچ نے 8 ستمبر کو جاری اپنے حکم میں کہا کہ اس سے قبل پارلیمنٹ میں فرضی جی ایس ٹی رجسٹریشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں متعلقہ وزیر نے بتایا تھا کہ 2023-24 میں فرضی جی ایس ٹی رجسٹریشن کے 2,800 معاملے سامنے آئے، جن میں 15,085 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری ہوئی۔ اسی طرح 2024-25 میں 1,654 فرضی رجسٹریشن اور 13,109 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری کا پتہ چلا تھا۔
عدالت نے کہا کہ اگرچہ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ جی ایس ٹی رجسٹریشن کے لیے آدھار کے ذریعے بایومیٹرک تصدیق لازمی کی جائے گی، لیکن یہ نظام اب تک نافذ نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں چوری یا غیر فعال کیے گئے پین اور آدھار کی تفصیلات کا استعمال کرکے مسلسل فرضی رجسٹریشن کیے جا رہے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ حکام بایومیٹرک تصدیق کو لازمی بنانے میں کسی دشواری کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
عدالت نے حکم دیا، ’’لہٰذا فی الحال ملک بھر کے تمام حکام کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ آئندہ بایومیٹرک پر مبنی آدھار تصدیق کے بغیر کسی بھی جی ایس ٹی رجسٹریشن کی اجازت نہ دیں۔‘‘ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ حکومت کو ہونے والے محصولات کے نقصان اور بے قصور لوگوں کو درپیش پریشانی سے نمٹنے کے لیے اس نے ابتدا میں حکام سے ’’صورت حال کے مطابق اقدامات کرنے‘‘ کی اپیل کی تھی اور امید کی تھی کہ وہ اس معاملے کو پوری سنجیدگی سے دیکھیں گے۔
عدالت نے حکام کو اس حکم پر عمل درآمد میں کسی عملی دشواری کی صورت میں اعتراض درج کرانے کی آزادی دی ہے۔ معاملے کو مزید سماعت کے لیے 22 ستمبر کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ عدالت نے اپنے پہلے کے حکم میں کہا تھا کہ حکام اس بات سے انکار نہیں کر سکے کہ بے قصور شہریوں کے پین اور آدھار کارڈ نمبروں کا استعمال کرکے فرضی جی ایس ٹی رجسٹریشن کے واقعات 2017 میں مرکزی اشیا و خدمات ٹیکس (سی جی ایس ٹی) ایکٹ نافذ ہونے کے بعد سے بڑے پیمانے پر ہوتے رہے ہیں۔ عدالت نے کہا تھا، ’’تقریباً نو سال گزر چکے ہیں، اس کے باوجود جواب دہندگان ان غلط طریقوں پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف ان شہریوں کو پریشانی ہوتی ہے جن کا ایسے جی ایس ٹی رجسٹریشن سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ حکومت کو بھی محصولات کا بھاری نقصان ہوتا ہے۔