وشاکھاپٹنم:مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے بدھ کو کہا کہ اگلی نسل کی مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) اصلاحات کے نتیجے میں معیشت میں دو لاکھ کروڑ روپے شامل ہوئے ہیں، جس سے عوام کے پاس زیادہ نقد رقم دستیاب ہوئی ہے۔ ورنہ یہ رقم ٹیکس کی ادائیگی میں چلی جاتی۔
اگلی نسل کی جی ایس ٹی اصلاحات پر ایک مذاکرہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس اصلاحات کے بعد 12 فیصد جی ایس ٹی سلیب کے تحت آنے والی 99 فیصد اشیاء پر صرف پانچ فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے نتیجے میں 28 فیصد ٹیکس سلیب کے تحت آنے والی 90 فیصد اشیاء اب 18 فیصد سلیب میں آ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’اس نئی نسل کے ٹیکس نظام، جس میں صرف دو سلیب (پانچ فیصد اور 18 فیصد) ہیں، سے معیشت میں دو لاکھ کروڑ روپے آئے ہیں۔ عوام کے پاس زیادہ نقدی ہوگی۔‘‘ وزیر نے کہا کہ جی ایس ٹی ریونیو 2025 میں بڑھ کر 22.08 لاکھ کروڑ روپے ہو جائے گا، جو اس کے نفاذ کے وقت 7.19 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ ان کے مطابق، ٹیکس دہندگان کی تعداد پہلے کے 65 لاکھ سے بڑھ کر 1.51 کروڑ ہو گئی ہے۔