نئی دہلی: مرکزی بالواسطہ ٹیکس اور کسٹمز بورڈ (سی بی آئی سی) کے چیئرمین سنجے کمار اگروال نے کہا ہے کہ 22 ستمبر سے مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی کم کی گئی شرحیں نافذ ہونے کے بعد اگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں آتی، تو صنعتوں کی طرف سے کی گئی شکایات پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ جی ایس ٹی کونسل نے حال ہی میں 375 اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرحوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، موجودہ چار ٹیکس سلیب کو کم کر کے صرف دو سلیب کر دیا گیا ہے: عام استعمال کی اشیاء پر صرف 5 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔
باقی تمام اشیاء پر 18 فیصد جی ایس ٹی لاگو ہوگا۔ 12 فیصد اور 28 فیصد کے سلیب کو ختم کرنے کا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی 1 جولائی 2017 کو جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سب سے بڑی اصلاح مانی جا رہی ہے۔
چیئرمین سنجے اگروال نے کہا:ہمیں اعتماد ہے کہ صنعتیں اس ٹیکس میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچائیں گی۔ اگر ایسا نہ ہوا اور شکایات موصول ہوئیں، تو ہم انہیں صنعتوں کے نمائندہ اداروں کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ: جی ایس ٹی کے ابتدائی سالوں (2017-2019) میں منافع خوری کے خلاف شکایات کا نظام موجود تھا، لیکن جب اس وقت ٹیکس کی شرحوں میں بڑی کٹوتیاں ہوئیں، تو بہت کم شکایات سامنے آئیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ زیادہ تر فائدہ صارفین تک پہنچا دیا گیا۔ لہٰذا اس بار بھی ہمیں کسی خاص مسئلے کی امید نہیں۔