نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی این سی آر میں آلودگی کی سطح بڑھنے کے بعد گریپ-3 نافذ کر دیا گیا ہے۔ دہلی میں ہفتے کے روز کئی مقامات پر اے کیو آئی کی سطح 400 سے تجاوز کر گئی۔ پورے دہلی-این سی آر پر اسموگ کی موٹی چادر چھائی رہی۔ کم ہوا کی رفتار، مستحکم فضائی حالات اور ناموافق موسم کو اے کیو آئی میں اضافے کی بڑی وجہ بتایا گیا ہے۔ اس صورتحال کے باعث لوگوں کو سانس لینے میں دقت اور آنکھوں میں جلن کی شکایت ہونے لگی ہے۔
دہلی-این سی آر کی موجودہ صورتحال
دہلی میں فضائی معیار مسلسل خراب ہونے کے باعث اے کیو آئی بڑھ کر 401 تک پہنچ گیا، جو انتہائی سنگین زمرے میں آتا ہے۔
۔12 دسمبر کو شام 4 بجے اے کیو آئی 349 تھا، جو رات بھر تیزی سے بڑھتے ہوئے 13 دسمبر صبح 10 بجے 401 ریکارڈ کیا گیا۔ کم ہوا کی رفتار، مستحکم فضائی حالات اور ناموافق موسم کو اے کیو آئی بڑھنے کی بنیادی وجوہات قرار دیا گیا ہے۔ حالات کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے CAQM کی گریپ ذیلی کمیٹی نے گریپ اسٹیج-3 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریپ-3 کے تمام پابندیاں پورے دہلی-این سی آر میں فوری طور پر نافذ کر دی گئی ہیں۔
۔گریپ-1 میں کیا ضابطے ہیں
سی این جی، الیکٹرک بسوں اور میٹرو سروسز کے چکر بڑھائے جائیں تاکہ پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے استعمال میں کمی آئے۔
بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کی کٹوتی نہ ہو تاکہ ڈیزل جنریٹر استعمال کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
ٹریفک نظام کو بہتر رکھا جائے تاکہ چوراہوں اور دیگر مقامات پر جام نہ لگے۔
۔گریپ-2 میں کیا ضابطے ہیں
ریاستی حکومتیں سرکاری محکموں اور بلدیاتی اداروں کے دفتری اوقات میں تبدیلی کریں۔
مرکزی حکومت دہلی-این سی آر میں اپنے ملازمین کے لیے دفتری اوقات میں تبدیلی کرے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور این سی آر کی حکومتیں، یعنی اتر پردیش، دہلی اور ہریانہ، این سی آر اضلاع (فریدآباد، گروگرام، غازی آباد اور نوئیڈا) میں اپنے ملازمین کے دفتری اوقات میں تبدیلی کریں۔
۔گریپ-3 میں کن پابندیوں کا نفاذ ہوگا
دہلی کے اندر اور باہر سے آنے والی ڈیزل بسوں پر پابندی۔
کلاس 5 تک کے اسکول بند، آن لائن تعلیم کی اجازت۔
اسٹون کرشرز اور کان کنی سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی۔
ایمرجنسی خدمات کے علاوہ ڈیزل جنریٹروں کے استعمال پر پابندی۔
کمپنیوں کو ورک فرام ہوم یا ہائبرڈ موڈ میں کام کرنے کا مشورہ۔
انہدامی کام، غیر ضروری تعمیراتی سرگرمیوں اور پرانی ڈیزل گاڑیوں پر پابندی۔
سیمنٹ، ریت وغیرہ جیسے سامان کی ٹرکوں کے ذریعے نقل و حمل پر پابندی۔
ڈاکٹروں کی وارننگ
ماہرین کے مطابق اگر آلودگی کی یہ سطح طویل عرصے تک برقرار رہی تو دمہ، پھیپھڑوں کی بیماریاں، دل کے امراض اور بچوں و بزرگوں کے لیے سنگین صحت کے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ بڑھتی آلودگی کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ صبح سویرے اور دیر شام کھلی فضا میں نکلنے سے گریز کریں اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔
دہلی کی ہوا پھر انتہائی خراب
ہفتے کی صبح دہلی میں دھند کی موٹی چادر چھائی رہی اور فضائی معیار اشاریہ 397 کے ساتھ سنگین زمرے کے قریب پہنچ گیا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دہلی کے کل نگرانی اسٹیشنوں میں سے 21 مقامات پر اے کیو آئی 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا، جو شدید زمرے میں آتا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وزیرپور میں اے کیو آئی سب سے زیادہ 445، وویک وہار میں 444، جہانگیرپوری میں 442، آنند وہار میں 439 اور اشوک وہار و روہنی میں 437 ریکارڈ کیا گیا۔ نریلا میں 432، پٹپڑ گنج میں 431، منڈکا میں 430 جبکہ باوانا، آئی ٹی او اور نہرو نگر میں 429 اے کیو آئی درج ہوا۔ چاندنی چوک اور پنجابی باغ میں اے کیو آئی 423 جبکہ سری فورٹ اور سونیا وہار میں 424 رہا۔ براری کراسنگ میں 414، اس کے بعد کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں 409، نارتھ کیمپس اور آر کے پورم میں 408-408 اور اوکھلا فیز-2 میں 404 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
آنے والے دنوں میں بھی راحت کی امید کم
اے کیو آئی سے متعلق جاری پیشگی انتباہی نظام کے مطابق دہلی کی فضائی کیفیت ہفتے تک ’انتہائی خراب‘ زمرے میں رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چھ دنوں کے پیش گوئی میں بھی ہوا کے معیار کے بہت خراب رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ انتباہی نظام کے مطابق ہفتے کو دہلی کی فضائی کیفیت ’بہت خراب‘ رہنے اور مزید بگڑنے کے امکانات ہیں، جس کے نتیجے میں اتوار کو صورتحال ’سنگین‘ زمرے تک پہنچ سکتی ہے۔