اجمیر شریف: اجمیر شریف کی درگاہ میں 18ویں بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول 2026 کا شاندار آغاز تاریخی محفل خانہ میں روحانی جوش و جذبے کے ساتھ ہوا۔ افتتاحی روز ہی ہندوستان اور بیرون ملک سے 50 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے شرکت کی جو اس 18 سالہ فیسٹیول کی تاریخ میں ہونے والی بڑی تقریبات میں سے ایک ہے۔فیسٹیول میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے 43 ممتاز فن کار شرکت کر رہے ہیں۔ اس کی قیادت چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی کر رہے ہیں جبکہ فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عظیم ایس میمن فیسٹیول کے مشیر سفیر ڈاکٹر فہیم ایف خان اور رابطہ کار استاد محمود شیخ بھی انتظامی امور میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کا آغاز پُروقار انداز میں ہوا۔ سید فضیل چشتی نے تلاوت کلام پاک پیش کی جس کے بعد انجمن خدام خواجہ کے سکریٹری سید کلیم الدین چشتی صاحب نے دعائیہ کلمات اور اظہار تشکر پیش کیا۔ حیدرآباد سے تشریف لائے جناب انیل چوہان نے روح پرور نعت رسول ﷺ پیش کی۔ یہ پیش کش اس مشترکہ تہذیبی ورثے کی جیتی جاگتی مثال تھی جس کی آبیاری خواجہ غریب نواز کی درگاہ گزشتہ آٹھ صدیوں سے کرتی آرہی ہے۔

نیشنل کونسل فار پروموشن آف اردو لینگویج نئی دہلی کے پروجیکٹ اسسٹنٹ محمد قاسم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ نسل کے لیے خطاطی اور اردو زبان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے تمام معزز مہمانوں علما اور فن کاروں کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اندور سے تشریف لائے جناب آفتاب قادری نے روح پرور محفل سما پیش کی۔
اس موقع پر اجمیر شریف درگاہ کے گدی نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے کہا کہ ’’صوفی رنگ محض ایک فن کا مظاہرہ نہیں بلکہ رنگ خط حرف اور آواز کے ذریعے پیش کی جانے والی ایک دعا ہے۔ جب ایک ہی دن پچاس ہزار عقیدت مند خواجہ غریب نواز کے آستانے پر آتے ہیں تو وہ یہاں تماشائی بن کر نہیں آتے بلکہ ایک ہی راستے کے مسافر بن کر آتے ہیں۔ خطاط کے قلم کا ہر نقش اور سما کی ہر لے ایک ہی پیغام دیتی ہے جو اجمیر شریف گزشتہ 800 برس سے دنیا تک پہنچاتا آرہا ہے۔ سب سے محبت نفرت کسی سے نہیں۔‘‘

روحانی عقیدت کے ان مظاہر کے ساتھ فیسٹیول میں مقدس اور نادر نمائشیں بھی پیش کی جارہی ہیں۔ ان میں قرآن مجید کے دو نایاب قلمی نسخے شامل ہیں۔ ان میں سے ایک نسخہ آب زمزم گوند اور زعفران کے قدرتی امتزاج سے نہایت خوبصورتی کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے جبکہ دوسرا نسخہ ہاتھ سے نہایت باریک اور محنت کے ساتھ سیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ براہ راست خطاطی کی تربیتی نشستیں اور روایتی قالین سازی کے فن کی عملی مصوری بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ افتتاحی روز ان سرگرمیوں کو دیکھنے کے لیے مسلسل بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے رہے۔18واں بین الاقوامی صوفی رنگ فیسٹیول 2026 اجمیر شریف کی درگاہ میں 26 اگست 2026 تک جاری رہے گا۔ اس دوران روزانہ خطاطی کی نشستیں فن کاروں کی پیش کشیں مقدس قلمی نسخوں کی نمائش اور شام کے وقت محفل سما منعقد ہوگی۔ ان تمام پروگراموں میں مذہب قومیت یا پس منظر کی کسی تفریق کے بغیر ہر شخص شرکت کرسکتا ہے۔