کوزی کوڈ: وا قف کی تفصیلات درج کرنے کے لئے مرکزی یو میڈ پورٹل پر رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 دسمبر قریب آرہی ہے۔ ایسے وقت میں ہندوستان کے گرینڈ مفتی شیخ ابوبکر احمد نے وزیر اعظم نریندر مودی اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ پورٹل کی تکنیکی خامیوں کو دور کیا جائے اور اپ لوڈنگ کے عمل کے لئے مہلت میں اضافہ کیا جائے۔
خط میں انہوں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں تفصیلات اپ لوڈ کرنے کا کام جاری ہے لیکن ویب سائٹ کی تکنیکی کمزوریاں اور کارکردگی کے مسائل جمع کرانے کے عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں جس کی وجہ سے تاخیر اور دقتیں پیدا ہو رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نیا پورٹل اب بھی کئی عملی خامیوں کا شکار ہے۔ اس کے ساتھ یہ مسئلہ بھی درپیش ہے کہ بہت سے صارفین میں ڈیجیٹل مہارت کم ہے جس سے کام مزید مشکل ہوجاتا ہے۔ خط میں زور دیا گیا ہے کہ بیداری مہمات بڑھائی جائیں اور پلیٹ فارم کو بہتر بنایا جائے اور آخری تاریخ میں کم از کم 1 سال کا اضافہ کیا جائے۔
گرینڈ مفتی نے یہ بھی واضح کیا کہ مختصر مقررہ مدت کی وجہ سے ہزاروں متولی اور وقف ادارے سزاؤں کا سامنا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری پلیٹ فارم کی تکنیکی خرابیوں کی سزا صارفین کو نہیں ملنی چاہئے۔مسلم تنظیموں اور محلہ کمیٹیوں نے بھی تشویش ظاہر کی ہے کہ جب وقف ترمیم کے معاملے اور اپ لوڈنگ کی مدت بڑھانے کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں کئی عرضیاں زیر سماعت ہیں تو ایسے وقت میں رجسٹریشن بند کرنا فکر انگیز اور مسئلہ پیدا کرنے والا عمل ہے۔