شیخ ابوبکر احمد کی مرکزی وزیر ڈاکٹر رامداس بندو سے ملاقات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2025
شیخ ابوبکر احمد کی مرکزی وزیر ڈاکٹر رامداس بندو سے ملاقات
شیخ ابوبکر احمد کی مرکزی وزیر ڈاکٹر رامداس بندو سے ملاقات

 



کالی کٹ/دبئی (عبدالکریم امجدی)

ہند کے گرانڈ مفتی اور جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے سرپرستِ اعلیٰ شیخ ابوبکر احمد نے متحدہ عرب امارات میں مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات، ڈاکٹر رامداس بندو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک کی موجودہ سماجی فضا، اقلیتوں کے تحفظ، اور قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

شیخ ابوبکر احمد نے وزیر موصوف پر زور دیا کہ وہ دو گروہوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے اور اتر پردیش کے بریلی میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے حالیہ تشدد کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے عناصر کے خلاف سخت قدم اٹھانا چاہیے جو ملک میں نفرت اور تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران امن و آشتی، سماجی ہم آہنگی، اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی اہمیت پر خاص طور پر زور دیا گیا۔ گرانڈ مفتی نے ملک بھر میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور جوشِ جذبات میں کوئی ایسا قدم نہ اٹھائیں جو قانون کے دائرے سے باہر ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اصل پہچان اس کے دستور، باہمی احترام، اور محبت میں پوشیدہ ہے۔ ہمیں اپنی اس روایتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔