کالی کٹ مرکز میں الصُفہ تعلیمی پروجیکٹ کا شاندار آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 19-06-2026
کالی کٹ مرکز میں الصُفہ تعلیمی پروجیکٹ کا شاندار آغاز
کالی کٹ مرکز میں الصُفہ تعلیمی پروجیکٹ کا شاندار آغاز

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)

ریاست کیرالہ کی قدیم، معروف دینی، دعوتی اور سماجی تنظیم سمستھا کیرالہ جمعیۃ العلماء کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں علم و آگہی، اصلاحِ فکر و عقیدہ اور تعلیمی و تربیتی منصوبے پر مشتمل ’’الصفہ محلہ درس و تدریس‘‘ کا باوقار آغاز آج جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے صحن میں منعقدہ ’’الاجازۃ‘‘ پروگرام کے موقع پر کیا گیا۔

یہ منصوبہ نہ صرف کیرالہ بلکہ پورے ہندوستان اور عالمی سطح پر ایک غیر معمولی علمی و تعلیمی اقدام کی حیثیت رکھتا ہے۔ اجازت اجتماع کے دوران علماء و فضلاء کو اس منصوبے کے تحت تدریسی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔

اجلاس کی قیادت انڈین گرانڈ مفتی اور سلطان العلماء حضرت شیخ ابوبکر احمد نے فرمائی۔ اس موقع پر ہندوستان کے مختلف صوبوں کے علاوہ بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے علماء، فضلاء اور دینی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس منصوبے کا مقصد کیرالہ کی صدیوں پر محیط سماجی ہم آہنگی اور باہمی رواداری کو مزید مستحکم بنانا، ایک باشعور اور علمی معاشرے کی تشکیل میں کردار ادا کرنا اور ایسی ذمہ دار نسل تیار کرنا ہے جو علم، اخلاق، خدمت اور سماجی ذمہ داری کے جذبے سے آراستہ ہو۔

ذرائع کے مطابق اس تعلیمی منصوبے کے تحت ہندوستان سمیت دنیا کے 30 ممالک میں قائم 8 ہزار سے زائد مراکز میں ’’الصفہ محلہ درس و تدریس‘‘ کی کلاسوں کا آغاز کیا گیا ہے۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز انڈین گرانڈ مفتی سلطان العلماء شیخ ابوبکر احمد کے خطاب سے ہوا۔ اجلاس کی صدارت سمستھا کے صدر ای سلیمان نے کی جبکہ سید علی بافقیہ نے دعا فرمائی۔

اجتماع سے سید ابراہیم الخلیل البخاری، پیروڈ عبدالرحمن ثقافی، ابو حنیفہ فیضی، سی محمد فیضی، عبدالرحمن فیضی، رحمت اللہ ثقافی اور سید احمد منیر اہدل نے خطاب کیا اور اس عظیم علمی منصوبے کی اہمیت، مقاصد اور مستقبل کے اثرات پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کے آغاز میں عبدالرحمن فیضی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے جبکہ اختتام پر مجید ککّاڈ نے اظہارِ تشکر ادا کیا۔