نئی دہلی ـحضرت خاتم الانبیاء، سرورِ کائنات، رحمت للعالمین محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کے پندرہ سو برس مکمل ہونے کی مناسبت سے انجمن دستہ عباسیہ (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام مسجد شیعیان علی، حوض سوئیوالان میں ایک عظیم الشان جشن شیعہ جامع مسجد دہلی کے امام جمعہ و جماعت مولانا سید محسن تقوی کی صدارت اور انجمن کے صدر حاجی سید آصف علی زیدی کی رہنمائی میں منعقد ہوا،
جشن کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے مولانا رُستم علی قمّی، امام مسجد ہذا نے کیا ۔ جشن مقدس میں اولاً شعرائے اہلبیت چاند فیضی سانکھنوی، صحافی محمد انجم جعفری، میثم مرزا قزلباش دہلوی، سمیر رضوی دہلوی، مونس حسین دہلوی، ریحان علی کربلائی، رئیس الرحمٰن، شان حسین، سروش سرسوی، حسن مجتبیٰ، محمد طحہٰ، اور جامعہ شہید کے طلباء محمد حسین، محمد عباس اور ایان علی نے بارگاہ رسالت میں خراج تحسین و عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر صدر جشن نے اپنے صدارتی اور دعائیہ کلمات میں کہا کہ ذاتِ اقدس رسول اکرم ﷺ سے وابستگی ہی ہر پریشانی، گمراہی اور جہالت سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔ نامور اسلامی و ملی اسکالر مولانا سید کلب رشید رضوی نے سیرت النبیؐ کے تذکرے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ زبانوں کو روکا جا سکتا ہے مگر دلوں سے عشقِ محمد ﷺ کو نہیں نکالا جا سکتا۔
اس دوران مسجد درگاہ پنجہ شریف کے امامِ جماعت مولانا سید رئیس احمد جارچوی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ رحمت للعالمین ﷺ نے اپنے اخلاقِ حسنہ اور کردارِ عظیم کے ذریعے دینِ اسلام کو عام کیا۔ جشن کی نظامت کرتے ہوئے خطیبِ اسلامی مولانا سید قمر عباس قنبر نقوی نے کہا کہ انجمن دستہ عباسیہ دہلی کی وہ قدیم انجمن ہے جس نے مُلک میں اُس وقت بھی ذکرِ رسول ﷺ اور آلِ رسولؑ کا چراغ روشن رکھا، جب ہر سو اندھیرا ہی اندھیرا تھا۔ ناظم جشن نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ہماری زندگیوں میں عشقِ رسول ﷺ بدرجہ اتم موجود ہے مگر ہمیں اپنے اعمال و کردار میں بھی سیرتِ رسول ﷺ کی جھلک پیدا کرنی چاہیے۔
جشن میں مولانا نعمت علی، مولانا سرکار مہدی، مولانا شاہد علی، محسن انجمنِ سید مشکور ضیاء پرویز رضوی مہمان خصوصی تھے، جشن میں معروف سماجی کارکن مرزا انور حسین بنٹی نے علماء، شعراء، مہمان اور عہدہ داران انجمن کا شال و ہار پہنا کر خیرمقدم کیا۔
اِس جشنِ پُر وقار میں شہر دہلی کے معززین و عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں مرزا اکبر علی، مرزا آفتاب حسین، سید ساجد حسین زیدی، سید نشان حیدر نشی، اظہر علی، ماسٹر مرزا ریاض علی، غضنفر عباس بابو بھائی، داروغہ کوثر زیدی، مسعود حسین، آصف علی رضوی، مرزا مراد علی، بہادر مرزا قزلباش، دلشاد حسین سرسوی اور دیگر سرکردہ شخصیات شامل تھیں۔ جشن میں مومنین و مسلمین کی کثیر تعداد میں شرکت جہاں ایک طرف اُمت کی بیداری کا
ثبوت ہے وہیں موجودہ قیادت پَر اعتماد کی علامت ہے ـ آخر جشن میں انجمن کے سیکریٹری حاجی ظفر علی نے علماء، شعراء، شرکاء اور اراکین انجمن کا شُکریہ ادا کیاـ
*حاجی ظفر علی*
سیکریٹری جنرل
انجمن دستہ عباسیہ ، دہلی