لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بسپا) کی سپریمو مایاووتی نے منگل کے روز امریکہ کے ساتھ بھارت کے تجارتی معاہدے کے حوالے سے کہا کہ حکومت کو اس بارے میں تفصیل سے پارلیمنٹ میں بتانا چاہیے۔
اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ مایاووتی نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، "بھارت اور امریکہ کے درمیان متعدد شرائط کے ساتھ باہمی معاہدے کے بعد امریکہ کی طرف سے 18 فیصد محصول عائد کرنے کی خبر ملک اور عوام کے مفاد میں کتنی ہے، اس کے بارے میں مناسب معلومات کے بغیر فوری کوئی اندازہ لگانا جلدبازی ہوگی۔"
انہوں نے کہا، "اس پر زمینی عمل کے بعد ہی صحیح طرح معلوم ہوگا کہ اس سے ملک کے خاص طور پر بہوجن، غریب، مزدور، کسان اور خواتین کا کیا فائدہ ہوگا۔ بسپا سربراہ نے کہا، یہ بہتر ہوتا کہ حکومت پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ہی اس بارے میں تفصیل سے بتاتی تاکہ لوگوں کو صحیح معلومات ملیں۔ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت امریکہ نے بھارت سے آنے والی اشیاء پر جوابی محصولات کو 25 فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کر دیا ہے۔