آواز دی وائس، نئی دہلی
مرکزی حکومت نے پیگاسس معاملے میں حلف نامہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔اس پر سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اب ہمیں حکم دینا ہوگا۔
پیگاسس جاسوسی معاملے کی سماعت پیر کو سپریم کورٹ میں ہوئی۔اس دوران مرکزی حکومت نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس معاملے پر حلف نامہ داخل نہیں کرے گی۔عدالت نے مرکز کے اس رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔
وہیں چیف جسٹس رمانا سماعت کے دوران سختی سے پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ عدالت جاننا چاہتی ہے کہ حکومت اس معاملے پر کیا کر رہی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اب ہمیں حکم دینا ہے۔
دراصل اس سے قبل کی سماعت میں مرکز نے دو بار حلف نامہ داخل کرنے کے سلسلے میں عدالت سے وقت طلب کیا تھا ، تاہم اب حکومت نے اس سے صاف انکار کر دیا ہے۔
سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے حکومت کی جانب سے عدالت میں دلیل دی۔
انہوں نے کہا کہ جاسوسی کے لیے کوئی خاص سافٹ ویئر استعمال کیا گیا یا نہیں ، یہ عوامی ڈومین کا معاملہ نہیں ہے۔ آزاد ڈومین ماہرین کی کمیٹی اس کی تحقیقات کر سکتی ہے اور رپورٹ سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی۔