مسلمانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھیج رہی ہے حکومت:درگاہ اعلیٰ حضرت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-10-2025
مسلمانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھیج رہی ہے حکومت:درگاہ اعلیٰ حضرت
مسلمانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھیج رہی ہے حکومت:درگاہ اعلیٰ حضرت

 



بریلی (یوپی): بریلوی مسلمانوں کے عقیدے کے سب سے بڑے ہندوستانی مرکز سمجھی جانے والی اعلیٰ حضرت درگاہ کے ذمہ داران نے پچھلے جمعہ کی نماز کے بعد پیش آنے والے ہنگامے کے معاملے میں پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ بے قصور مسلمانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل بھیج رہی ہے۔

اعلیٰ حضرت کے خاندان سے تعلق رکھنے والے اور اس کیس کے اہم ملزم، اتحادِ ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا خاں کے بھائی مولانا توصیف رضا خاں نے بدھ کی صبح ایک ویڈیو جاری کیا، جس میں انہوں نے ایک ’’مشترکہ پریس بیان‘‘ پڑھ کر سنایا۔ اس میں پولیس پر بے گناہ مسلمانوں کو پھنسانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا گیا کہ اگر پولیس کی من مانی نہ رکی تو ’’ٹھوس قدم‘‘ اٹھائے جائیں گے۔

مولانا توصیف رضا نے بتایا کہ یہ مشترکہ بیان اعلیٰ حضرت درگاہ کے سابق سجادہ نشین مولانا سبحان رضا خاں، قاضیِ ہندستان مولانا اسجد رضا خاں، خانقاہِ قادیا رضویہ کے سجادہ نشین مولانا احسن رضا خاں، مولانا منان رضا خاں اور درگاہ اعلیٰ حضرت سے وابستہ تمام خانقاہوں کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔

مولانا توصیف نے کہا کہ بریلی میں پچھلے جمعہ کو ہوئے تشدد کے معاملے میں مسلمانوں کو بلاوجہ اجتماعی سزا دی جا رہی ہے اور پولیس جھوٹے مقدمات بنا کر بے گناہوں کو جیلوں میں ڈال رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس بے قصور مسلمانوں پر پستول، پٹرول بم اور تیزاب سے حملے کے جھوٹے الزام لگا کر گرفتاری کر رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا: ’’کچھ شرپسند عناصر نے واقعہ کے دوران مسلمانوں اور پولیس دونوں پر سازش کے تحت پتھراؤ کیا تاکہ ماحول خراب ہو، مگر پولیس ان پر کارروائی کرنے سے گریز کر رہی ہے۔‘‘ مشترکہ بیان کے ذریعے توصیف نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ مسلمانوں کی گرفتاری فوراً روکی جائے، پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں اور زیادتیاں ختم کی جائیں، جھوٹے مقدمات واپس لیے جائیں، گرفتار شدہ بے قصوروں کو رہا کیا جائے، بلڈوزر کی کارروائی روکی جائے اور خوف و دہشت کا ماحول ختم کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلمانوں پر ظلم نہ رکا تو پھر اعلیٰ حضرت خاندان کو ’’ٹھوس قدم‘‘ اٹھانے پڑیں گے۔

مولانا توصیف نے کہا کہ اگر بریلی میں مولانا توقیر رضا خاں کو یادداشت (میمورنڈم) دینے کی اجازت دے دی جاتی تو کچھ بھی نہیں ہوتا، لیکن انہیں پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’’پولیس نے مساجد میں چھاپے مار کر اماموں اور نمازیوں کو ہراساں کیا ہے۔ اس وجہ سے کئی مساجد میں نماز تک ادا نہیں ہو پا رہی ہے۔ یہ مسلمانوں کے اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی اور ان کے آئینی حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’شہر بھر میں مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر کھڑے کیے گئے ہیں اور غیر قانونی طور پر توڑ پھوڑ کی جا رہی ہے۔ چھاپوں کے دوران مسلم خواتین اور بچیوں پر بھی ظلم ڈھایا جا رہا ہے، یہاں تک کہ بچوں کو بھی مارا پیٹا جا رہا ہے۔‘‘ توصیف نے کہا کہ پولیس کی زیادتی سے نہ صرف بریلی شریف بلکہ پورے ملک اور دنیا بھر کے کروڑوں سنی مسلمانوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ پچھلے جمعہ کی نماز کے بعد ’’آئی لو محمد‘‘ معاملے پر ہونے والے مظاہرے میں بھیڑ اور پولیس کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی تھی۔ اس معاملے میں اتحادِ ملت کونسل کے صدر مولانا توقیر رضا خاں سمیت 60 سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔