آبدوزوں کے سودے پر گفتگو کو حکومت کی منظوری

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-08-2025
آبدوزوں کے سودے پر گفتگو کو حکومت کی منظوری
آبدوزوں کے سودے پر گفتگو کو حکومت کی منظوری

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پروجیکٹ 75 انڈیا کے تحت 70 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے چھ آبدوزوں کی خریداری کے لیے بات چیت شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ مرکزی حکومت نے دفاعی وزارت اور مَزگاؤں ڈاک یارڈز لمیٹڈ (MDL) کو 70 ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹ 75 انڈیا کے تحت چھ جدید آبدوزوں کی خریداری کے سلسلے میں بات چیت شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

یہ چھ آبدوزیں جرمنی کے اشتراک سے ہندوستان میں تیار کی جائیں گی۔ دفاعی وزارت نے جنوری میں جرمن کمپنی "تھیسن کروپ میرین سسٹمز" کے ساتھ ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سسٹم (AIP) والی آبدوزیں بنانے کے لیے سرکاری ادارہ مَزگاؤں ڈاک یارڈ لمیٹڈ (MDL) کو منتخب کیا تھا۔

د فاعی حکام کے مطابق اس ماہ کے آخر تک وزارت دفاع اور MDL کے درمیان باضابطہ بات چیت شروع ہو جائے گی۔ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ملک کے اہم دفاعی اور قومی سلامتی کے افسران شامل تھے۔ اس میٹنگ میں ہندوستان کے آبدوز بیڑے کے مستقبل اور روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت دفاع اور  بحریہ کو امید ہے کہ اگلے چھ ماہ میں معاہدہ مکمل ہو جائے گا اور اس پر حتمی منظوری مل جائے گی۔ یہ نئی آبدوزیں تقریباً تین ہفتے تک پانی کے اندر رہنے کی صلاحیت رکھتی ہوں گی۔ روایتی آبدوزوں کے خود انحصاری کی سمت اہم قدم وزارت دفاع کا مقصد ہے کہ ہندوستان میں روایتی آبدوزوں کے ڈیزائن اور تیاری کی مکمل دیسی صلاحیت پیدا کی جائے۔

حکومت آبدوز کی تیاری کے عمل کو تیز کرنے کے طریقے بھی تلاش کر رہی ہے۔ ہندوستانی انڈسٹری اس وقت دو جوہری حملہ آور آبدوزوں کی تیاری پر بھی کام کر رہی ہے، جس میں نجی شعبے کی بڑی کمپنی لارسن اینڈ ٹوبرو (L&T) اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ چینی بحریہ کی تیزی سے جدید کاری کے پیش نظر، ہندوستانی حکومت نے جوہری اور روایتی دونوں اقسام کی کئی آبدوز منصوبوں کو منظوری دی ہے۔

تاہم، ہندوستان کو اپنے مفادات کے خطے میں چین اور پاکستان دونوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کرنا ہوگا۔ بحریہ کی موجودہ منصوبہ بندی کے مطابق، اگلے دس سال کے دوران تقریباً 10 پرانی آبدوزوں کو ریٹائر کیا جائے گا، جنہیں اسی مدت میں نئی آبدوزوں سے بدلنے کی ضرورت ہے۔