پٹنہ / آواز دی وائس
پٹنہ میں معروف کاروباری گوپال کھیمکا کے سرِ عام قتل پر وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے بڑا بیان دیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ جس کسی نے بھی اس واردات کو انجام دیا ہے، اسے ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔ نتیش کمار نے کہا کہ ہم نے قانون و نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کو پوری مستعدی کے ساتھ کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلڈوزر ایکشن ہوگا
اس قتل کے معاملے پر بہار کے نائب وزیرِ اعلیٰ وجے سنہا نے کہا کہ جن بھی مجرموں نے اس واردات کو انجام دیا ہے، ان کے خلاف بلڈوزر ایکشن ہوگا۔ ساتھ ہی ان پولیس افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جو قانون و نظم و نسق کے ذمہ دار تھے۔ وجے سنہا نے کہا کہ بہار میں کسی بھی قسم کے جنگل راج کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پٹنہ میں معروف تاجر کا سرِ عام قتل، سیاست گرم
واضح رہے کہ پٹنہ میں گاندھی نگر تھانے سے کچھ ہی فاصلے پر معروف کاروباری گوپال کھیمکا کو جمعہ کی دیر رات ان کے گھر کے سامنے ہی گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ سرِ عام ہوئے اس قتل کے معاملے پر اب سیاست بھی تیز ہو گئی ہے۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اس قتل کو لے کر بہار حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یہ جنگل راج نہیں تو اور کیا ہے؟‘‘ تیجسوی یادو کا سوال
اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے اس قتل کے معاملے پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’’تھانے سے چند قدم کے فاصلے پر پٹنہ میں بہار کے بڑے کاروباری کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ ہر مہینے بہار میں سیکڑوں کاروباریوں کا قتل ہو رہا ہے، لیکن پھر بھی کوئی جنگل راج نہیں کہہ سکتا؟ کیونکہ اسے ہی شاستروں میں میڈیا مینجمنٹ، پرسیپشن مینجمنٹ اور امیج مینجمنٹ کہا جاتا ہے۔
مجرم کو بخشا نہیں جائے گا: بی جے پی
اس معاملے پر بہار بی جے پی کے ترجمان اروند سنگھ نے کہا کہ گوپال کھیمکا کے قتل میں شامل ملزم کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ضرور پہنچایا جائے گا۔ جو بھی اس واردات میں شامل ہیں، انہیں سخت سزا دی جائے گی۔ یہ نتیش کمار اور این ڈی اے کی حکومت ہے، یہاں کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ یہ راجد کا جنگل راج والا دور نہیں ہے۔
حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیے: کانگریس
کانگریس کے ترجمان راجیش راٹھور نے کہا کہ اس قتل کے معاملے میں حکومت کو ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گوپال کھیمکا کے بیٹے کا بھی کچھ سال پہلے قتل ہوا تھا۔ ایسے میں حکومت کو یہ جواب دینا ہوگا کہ آخر گوپال کھیمکا کو سیکورٹی کیوں نہیں فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گوپال کھیمکا کا قتل ظاہر کرتا ہے کہ بہار میں گنڈہ راج کا ننگا ناچ جاری ہے اور کاروباری بہار چھوڑ کر جا رہے ہیں۔