گوگل کو لگا بڑا جھٹکا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-08-2025
گوگل کو لگا بڑا جھٹکا
گوگل کو لگا بڑا جھٹکا

 



نئی دہلی/  آواز دی وائس
گوگل کو زبردست جھٹکا لگا ہے۔ کمپنی کو آسٹریلیا میں تقریباً 313 کروڑ روپے (55 ملین آسٹریلوی ڈالر) جرمانہ بھرنا ہوگا، جس پر کمپنی نے رضامندی بھی ظاہر کر دی ہے۔ یہ کارروائی آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن کی جانب سے کی گئی ہے۔ آج کمیشن نے بتایا کہ گوگل ایشیا پیسفک کے خلاف وفاقی عدالت میں کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اس معاملے میں کمپنی نے اپنی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
یہ جرمانہ آسٹریلیا میں گوگل کے لیے ایک اتار چڑھاؤ بھرا دور ثابت ہو رہا ہے، جہاں گزشتہ ہفتے ایک عدالت نے ایپک گیمز کی جانب سے دائر مقدمے میں اس کے خلاف فیصلہ سنایا تھا، جس میں گوگل اور ایپل پر اپنے آپریٹنگ سسٹمز میں حریف ایپلیکیشن اسٹورز کو روکنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
آسٹریلوی کمپیٹیشن اینڈ کنزیومر کمیشن کے مطابق، دسمبر 2019 سے مارچ 2021 کے درمیان گوگل نے آسٹریلیا کی ٹیلی کام کمپنیاں ٹیلسٹریا اور آپٹس کے ساتھ معاہدہ کیا تھا۔ اس کے تحت گوگل نے اینڈرائیڈ فونز پر اپنے سرچ ایپلیکیشن کو پری انسٹال کرنے کے لیے ادائیگی کی، جس سے مقابلے کو نقصان پہنچا اور دیگر سرچ انجنز کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی گئی۔
گوگل نے مان لیا ہے کہ اس معاہدے نے حریف سرچ انجنز سے مقابلے پر بڑا اثر ڈالا ہے اور اس نے ایسے معاہدے کرنا بند کر دیے ہیں، ساتھ ہی جرمانہ بھرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔
 اے سی سی سی کی چیئرپرسن جینا-کاس گوٹلب نے کہا كہ آج کا نتیجہ۔۔۔ لاکھوں آسٹریلوی شہریوں کے لیے مستقبل میں بہتر سرچ آپشنز فراہم کرنے اور مقابلہ کرنے والے سرچ فراہم کنندگان کے لیے آسٹریلوی صارفین تک بامعنی رسائی پیدا کرنے کا امکان بناتا ہے۔
کمیشن نے کہا کہ عدالت کو ابھی یہ طے کرنا ہے کہ جرمانہ مناسب ہے یا نہیں، لیکن ریگولیٹر اور گوگل کے درمیان تعاون نے طویل عدالتی کارروائی سے بچنے میں مدد کی ہے۔ گوگل کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی  اے سی سی سی کے خدشات دور کرکے خوش ہے، جن میں "ایسے شرائط شامل تھے جو کچھ عرصے سے ہمارے تجارتی معاہدوں کا حصہ نہیں تھے۔
ترجمان نے مزید کہا كہ ہم اینڈرائیڈ ڈیوائس بنانے والوں کو براؤزر اور سرچ ایپس کو پری لوڈ کرنے کے لیے زیادہ لچک فراہم کرنے کے پابند ہیں، ساتھ ہی ان پیشکشوں اور فیچرز کو بھی برقرار رکھیں گے جو انہیں جدت لانے، ایپل کے ساتھ مقابلہ کرنے اور اخراجات کم رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔" گوگل اینڈرائیڈ کا مالک ہے۔
ٹیلسٹریا کے ایک ترجمان نے رائٹرز کو ایک پرانے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے اور سنگاپور ٹیلی کمیونیکیشنز کی ملکیت والی آپٹس نے  اے سی سی سی کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے اور 2024 سے گوگل کے سرچ پروڈکٹ کو پری انسٹال کرنے کے لیے کوئی معاہدہ نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔