گوگل اور میٹا کو ای ڈی نے بھیجا نوٹس

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-07-2025
گوگل اور میٹا کو ای ڈی نے بھیجا نوٹس
گوگل اور میٹا کو ای ڈی نے بھیجا نوٹس

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے آن لائن سٹے بازی ایپس کے پروموشن کے معاملے میں گوگل اور میٹا کو نوٹس جاری کیا ہے۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ ان دونوں کمپنیوں نے ان ایپس کے اشتہارات کو نمایاں طور پر دکھایا ہے۔ 21 جولائی کو دونوں کمپنیوں کے نمائندوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ملک میں آن لائن سٹے بازی کے بڑھتے اثر کو روکنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
آن لائن سٹے بازی ایپس کا پروموشن اب گوگل اور میٹا کے لیے مصیبت بن سکتا ہے، کیونکہ ای ڈی کا کہنا ہے کہ ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سٹے بازی کے اشتہارات عام لوگوں کو نمایاں طور پر دکھائے گئے، جس کی وجہ سے یہ آسانی سے صارفین تک پہنچے۔ اسی وجہ سے اب ای ڈی نے دونوں کمپنیوں کے نمائندوں کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔
۔21 جولائی کو ہوگی پوچھ گچھ
ای ڈی کی جانب سے جو نوٹس جاری کیا گیا ہے، اس کے مطابق گوگل اور میٹا دونوں کے نمائندوں سے آن لائن سٹے بازی کے اشتہارات کے طریقے سے متعلق سوالات کیے جائیں گے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے کروڑوں روپے کی غیر قانونی کمائی کی گئی ہے۔
ای ڈی کی کارروائی پورے ملک میں جاری
ای ڈی ملک بھر میں آن لائن سٹے بازی کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ حال ہی میں ای ڈی نے تلنگانہ کے کئی معروف فلمی ستاروں کے خلاف مقدمات درج کیے تھے، جن میں وجے دیورکنڈا، رانا دگگوباتی اور پرکاش راج جیسے نام شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 29 اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں متعدد آن لائن سٹے بازی نیٹ ورکس کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ای ڈی آئندہ دنوں میں ان کمپنیوں کے نمائندوں کے بیانات ریکارڈ کرے گا، اور ان متاثرین کی بھی تلاش جاری ہے جنہیں ان سٹے بازی پلیٹ فارمز کے ذریعے دھوکہ دیا گیا تھا۔ 15 جولائی کو ای ڈی نے ممبئی کے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ یہ چھاپے غیر قانونی ڈبہ ٹریڈنگ اور آن لائن سٹے بازی نیٹ ورکس کے خلاف کیے گئے تھے۔ اس دوران ای ڈی نے 3 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی، کئی قیمتی گھڑیاں اور متعدد گاڑیاں ضبط کیں۔