نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکزی کابینہ نے بدھ کے روز 7,332 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ ریہڑی اور پٹری پر سامان بیچنے والوں کے لیے پی ایم سونیدھی یوجنا کی از سر نو تشکیل اور توسیع کو 31 مارچ 2030 تک کے لیے منظوری دے دی۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں لیا گیا۔
بیان کے مطابق، پرائم منسٹر اسٹریٹ وینڈرز آتم نربھر نِدھی یوجنا کے تحت پہلی قسط کی قرض حد 10,000 روپے سے بڑھا کر 15,000 روپے اور دوسری قسط 20,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ تیسری قسط 50,000 روپے ہی رہے گی۔
ڈیجیٹل ادائیگی کرنے والوں کو 1600 روپے کا ترغیبی انعام
بیان میں کہا گیا ہے کہ جو ریہڑی اور پٹری والے اپنا دوسرا قرض وقت پر چکا دیں گے، وہ اچانک کاروباری یا ذاتی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے یو پی آئی (یونائیٹڈ پے منٹ انٹرفیس) سے جڑا روپی کریڈٹ کارڈ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔ ساتھ ہی، خوردہ اور تھوک لین دین کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ اختیار کرنے والے فروشوں کو 1,600 روپے تک کا انعام بھی دیا جائے گا۔
یہ اسکیم پہلے 31 دسمبر 2024 تک نافذ تھی۔ از سر نو تشکیل شدہ اسکیم کا ہدف 50 لاکھ نئے ریہڑی اور پٹری والوں سمیت کل 1.15 کروڑ مستفیدین تک پہنچنا ہے۔ بیان کے مطابق اس اسکیم کا نفاذ وزارتِ رہائش و شہری امور اور محکمہ مالی خدمات کی مشترکہ ذمہ داری ہوگی۔
وزارتِ رہائش و شہری امور کرے گی نگرانی
وزارتِ رہائش و شہری امور اس اسکیم کے عملی نفاذ کی نگرانی کرے گی، جبکہ محکمہ مالی خدمات بینکوں اور مالیاتی اداروں کے ذریعے قرض اور کریڈٹ کارڈ تک رسائی کو آسان بنائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ از سر نو تشکیل شدہ اسکیم میں بڑھا ہوا قرض، یو پی آئی سے جڑا روپی کریڈٹ کارڈ، ڈیجیٹل کیش بیک انعام اور وسیع جغرافیائی دائرہ شامل ہے۔
ریہڑی پٹری والوں کی صلاحیت بڑھانے پر بھی زور
یہ اسکیم ریہڑی پٹری والوں کی صلاحیت بڑھانے پر بھی مرکوز ہے جس میں انٹرپرینیورشپ، مالی خواندگی، ڈیجیٹل مہارت اور مارکیٹنگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ مزید یہ کہ ہندوستانی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھارٹی کے ساتھ شراکت داری میں، ریہڑی پٹری والوں کے لیے معیاری صفائی اور غذائی تحفظ کی تربیت کرائی جائے گی۔
کووڈ کے دوران شروع ہوئی تھی یہ اسکیم
حکومت نے کووڈ-19 وبا کے دوران مشکلات جھیلنے والے ریہڑی پٹری والوں کی مدد کے لیے یکم جون 2020 کو پی ایم سونیدھی اسکیم شروع کی تھی۔ 30 جولائی تک، 68 لاکھ سے زیادہ ریہڑی پٹری والوں کو 13,797 کروڑ روپے کے 96 لاکھ سے زیادہ قرض فراہم کیے جا چکے ہیں۔