ہندوستانی معیشت کے لئے اچھی خبر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-06-2025
ہندوستانی معیشت کے لئے اچھی خبر
ہندوستانی معیشت کے لئے اچھی خبر

 



کلکتہ: ریٹنگ ایجنسی اکرا نے مالی سال 2025-26 کے لیے ہندوستان کی حقیقی جی ڈی پی شرحِ نمو 6.2 فیصد رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال 2024-25 میں یہ شرح 6.5 فیصد رہی تھی۔ ایجنسی نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اسی عرصے میں ملک کی حقیقی مجموعی ویلیو ایڈڈ کی شرح نمو 6.4 فیصد سے زائد رہنے کی امید ہے۔

جہاں جی ڈی پی ملک کے اندر تیار کی جانے والی تمام اشیاء و خدمات کی مجموعی مالیت کو ظاہر کرتی ہے، وہیں جی وی اے میں درمیانی اشیاء و خدمات کی لاگت منہا کرنے کے بعد حاصل ہونے والی اصل پیداوار کو شامل کیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے تعلق سے، صارف قیمت اشاریہ پر مبنی افراطِ زر کی شرح 3.5 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے، جبکہ تھوک قیمت اشاریہ اس مالی سال میں 1.8 فیصد سے زیادہ رہنے کا اندازہ ہے۔

اکرا نے 2025-26 کے لیے مالی خسارہ جی ڈی پی کے 4.4 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 1.2 سے 1.3 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ایجنسی کے مطابق، ربی فصل کی بہتر پیداوار اور آبی ذخائر کی سطح معمول سے زیادہ ہونے کی وجہ سے دیہی مانگ میں بہتری برقرار رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے مرکزی بجٹ میں اگر آمدنی ٹیکس میں بڑی راحت دی گئی، شرحِ سود میں کمی آئی، ای ایم آئی کم ہوا اور خوراک کی مہنگائی میں نرمی آئی، تو گھریلو صارفین کی دستیاب آمدنی میں اضافہ ہوگا، جو خرچ بڑھانے میں مددگار ہوگا۔ اکرا نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا ہے کہ ہندوستان کی اشیاء کی برآمدات میں سست رفتاری آئندہ مستقبل میں بھی جاری رہ سکتی ہے۔

ایجنسی کے مطابق، خدمات کی برآمدات میں اضافہ اشیاء کی برآمدات کے مقابلے میں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرکز کا سرمایہ جاتی خرچ مالی سال 2025-26 میں 10.1 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے، جس سے سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمدات میں کمزوری اور تجارتی پالیسیوں کو لے کر جاری غیریقینی صورتحال کے باعث نجی سرمایہ کاری میں محدود اضافہ ہو سکتا ہے۔