نئی دہلی/ آواز دی وائس
سونے کی چمک کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ فیوچر مارکیٹ میں بدھ، 3 ستمبر کو سونے کی قیمت 407 روپے بڑھ کر 1,06,199 روپے فی 10 گرام کے نئے ریکارڈ پر پہنچ گئی۔ اسی دوران ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج میں اکتوبر کی سپلائی والے سونے کے معاہدوں کی قیمت 407 روپے یعنی 0.38 فیصد بڑھ کر 1,06,199 روپے فی 10 گرام ہو گئی۔ سونے کی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
۔11 دنوں میں 5 ہزار کا اضافہ
سونے کی قیمت پچھلے 11 دنوں میں تیزی سے بڑھی ہے۔ 20 اگست کو یہ قیمت 1,00,258 روپے فی 10 گرام تھی، جو 5,941 روپے یعنی 5.93 فیصد بڑھ کر 3 ستمبر کو 1,06,199 روپے فی 10 گرام کے نئے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ سونے کی اس بڑھی ہوئی قیمتوں کا اثر مارکیٹ پر واضح ہو سکتا ہے۔
اس سال سونے کی قیمتوں میں 34.35 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ 31 دسمبر 2024 کو 78,950 روپے فی 10 گرام تھی۔ پچھلے 8 مہینوں میں سونے کی قیمتوں میں 25 ہزار سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے، جو خود میں ایک ریکارڈ ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ
سونے کے علاوہ چاندی کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ چاندی کی قیمت 1,27,000 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جو ایک دن پہلے کے مقابلے میں 900 روپے زیادہ ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں یہ ریکارڈ اضافہ درج کیا گیا ہے۔
قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں؟
تاجروں کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی اور عالمی سطح پر بڑھتی غیر یقینی صورتحال نے سونا کو محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر زیادہ پرکشش بنا دیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کی سب سے بڑی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو سے سود کی شرح میں کمی کی توقع بتائی جا رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ڈرامائی پالیسیوں کو بھی اس کے پیچھے ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اسی طرح چاندی کی قیمتیں بھی الیکٹرانکس سیکٹر میں بڑھتی ہوئی طلب کے سبب مسلسل بڑھ رہی ہیں۔