نئی دہلی: گیگ کارکنوں کی آمدنی اور کام کے حالات پر جاری بحث کے درمیان ایٹرنل کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر دیپندر گوئل نے کہا ہے کہ گیگ نظام ڈلیوری کرنے والے کارکنوں پر دباؤ نہیں ڈالتا، بلکہ لچکدار اوقاتِ کار اور فلاحی سہولیات کی بدولت یہ نظام بہت سے افراد کے لیے آمدنی کا ایک قابلِ اعتماد ذریعہ بن چکا ہے۔
ایٹرنل کے تحت فوڈ ڈیلیوری کمپنی زومیٹو اور کوئیک کامرس فرم بلنکِٹ کام کرتی ہیں۔ گوئل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گیگ کارکنوں کی تنظیمیں بہتر اجرت اور کام کے حالات کے مطالبے کو لے کر احتجاج کر رہی ہیں۔ دیپندر گوئل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ سال 2025 میں زومیٹو اور بلنکِٹ نے ڈلیوری شراکت داروں کے لیے انشورنس تحفظ پر 100 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے۔
ان کے مطابق 2025 میں زومیٹو پر ایک ڈلیوری شراکت دار کی اوسط فی گھنٹہ آمدنی (انعامات کے بغیر) 102 روپے رہی، جو 2024 میں 92 روپے تھی۔ اس طرح سالانہ بنیاد پر تقریباً 10.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گوئل نے دعویٰ کیا کہ 10 منٹ میں سامان پہنچانے کا وعدہ گیگ کارکنوں پر کسی اضافی دباؤ کا باعث نہیں بنتا۔ ان کا کہنا تھا کہ لچکدار اوقاتِ کار اور فلاحی سہولیات گیگ ملازمت کو بہت سے لوگوں کے لیے آمدنی کا ایک معتبر ذریعہ بناتی ہیں۔
تاہم ان بیانات پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ کئی صارفین نے الزام لگایا کہ 10 منٹ کی ڈیلیوری کی شرط پوری کرنے کے لیے گیگ کارکن تیز اور لاپرواہی سے گاڑیاں چلاتے ہیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ گیگ اور پلیٹ فارم پر مبنی خدمات کے کارکنوں کی یونین نے گزشتہ ماہ وزیرِ محنت و روزگار منسکھ مانڈویہ کو خط لکھ کر متعدد مسائل کی نشاندہی کی تھی۔
ان میں ایک اہم مطالبہ یہ تھا کہ کارکنوں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے 10 سے 20 منٹ میں سامان پہنچانے کی لازمی شرط کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ دیپندر گوئل نے بھارت کی گیگ معیشت کے لیے کم ضابطہ بندی کی بھی حمایت کی اور کہا کہ اس سے بالآخر زیادہ لوگوں کو منظم افرادی قوت میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پلیٹ فارم پر کام کرنے والے ڈلیوری کارکنوں سے حد سے زیادہ کام نہیں لیا جاتا۔
ان کے مطابق 2025 میں زومیٹو پر ایک اوسط ڈلیوری کارکن نے پورے سال میں 38 دن اور ہر کام کے دن تقریباً سات گھنٹے کام کیا۔ یہ کسی مقررہ شیڈول کے بجائے حقیقی گیگ طرز کی شمولیت کی عکاسی کرتا ہے۔ صرف 2.3 فیصد کارکنوں نے سال میں 250 دن سے زیادہ کام کیا۔ گوئل کا کہنا تھا کہ گیگ کرداروں کے لیے مکمل وقتی ملازمین جیسے فوائد، مثلاً پراویڈنٹ فنڈ یا یقینی تنخواہ کا مطالبہ اس نظام کی نوعیت کے مطابق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر ڈلیوری کارکن مہینے میں چند دن اور چند گھنٹوں کے لیے ہی کام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر کوئی شخص روزانہ 10 گھنٹے اور مہینے میں 26 دن کام کرے تو اس کی مجموعی آمدنی تقریباً 26 ہزار 500 روپے ماہانہ بنتی ہے۔ ایندھن اور دیکھ بھال کے اخراجات (تقریباً 20 فیصد) نکالنے کے بعد خالص آمدنی تقریباً 21 ہزار روپے ماہانہ رہ جاتی ہے۔ واضح رہے کہ نومبر میں مرکزی حکومت نے چاروں لیبر کوڈز کو نافذ کیا تھا، جس سے گیگ کارکنوں کے لیے عالمی سماجی تحفظ کوریج سمیت وسیع اصلاحات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔