نئی دہلی: سپریم کورٹ نے غازی آباد میں چار سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کے بعد قتل کے دل دہلا دینے والے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کے روز اس معاملے میں مداخلت کی اور پولیس کمشنر اور تفتیشی افسر کو 13 اپریل کو کیس کا ریکارڈ لے کر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔
بھارت کے چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باغچی اور جسٹس وپل ایم پنچولی پر مشتمل بنچ نے مقتول بچی کے والد (جو ایک یومیہ مزدور ہیں) کی جانب سے پیش سینئر وکیل این۔ ہری ہرن کی دلیلوں پر غور کیا اور اب تک ریاستی پولیس کی جانب سے کی گئی تفتیش کے طریقہ کار پر ناراضگی ظاہر کی۔
چیف جسٹس نے ریاستی پولیس اور ان دو نجی اسپتالوں پر بھی ناراضگی ظاہر کی جنہوں نے مبینہ زیادتی کے بعد زخمی بچی کا علاج کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ عدالت نے اسے "سنگین لاپرواہی" اور "غیر حساس رویہ" قرار دیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ 16 مارچ کو ایک پڑوسی مبینہ طور پر بچی کو چاکلیٹ دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا۔ جب بچی گھر واپس نہیں آئی تو تلاش کے دوران اس کے والد نے اسے بے ہوش اور خون میں لت پت حالت میں پایا۔ بعد میں غازی آباد کے ایک سرکاری اسپتال میں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔