جنرل منوج پانڈے آرمی کے 29ویں سربراہ بنے

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2022
جنرل منوج پانڈے آرمی کے 29ویں سربراہ بنے
جنرل منوج پانڈے آرمی کے 29ویں سربراہ بنے

 

 

نئی دہلی: جنرل منوج پانڈے نے ہفتہ کو جنرل ایم ایم نروانے کی ریٹائرمنٹ کے بعد آرمی اسٹاف کے 29ویں سربراہ کا عہدہ سنبھالا۔ جنرل پانڈے کور آف انجینئرنگ کے پہلے افسر ہیں جنہوں نے 29 ویں چیف کا عہدہ سنبھالا۔وہ یکم فروری کو آرمی کے نائب سربراہ بننے سے پہلے فوج کی مشرقی کمان کی سربراہی کر رہے تھے۔

یہ کمانڈ سکم اور اروناچل پردیش سیکٹرز میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی حفاظت کے لیے ذمہ دار ہے۔ جنرل پانڈے نے ایک ایسے وقت میں فوج کی کمان سنبھالی ہے جب ہندوستان کو چین اور پاکستان کی سرحدوں پر چیلنجز سمیت بے شمار سیکورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

آرمی چیف کی حیثیت سے وہ تھیٹر کمانڈ بنانے کے حکومتی منصوبے پر بحریہ اور فضائیہ کے ساتھ ہم آہنگی کریں گے۔ بھارت کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت جو تھیٹر کمانڈ کی تیاری پر کام کر رہے تھے، گزشتہ سال دسمبر میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں موت کا شکار ہو گئے تھے۔

حکومت نے تاحال نئے چیف ڈیفنس چیف کا تقرر نہیں کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل پانڈے اپنے کیریئر کے دوران انڈمان اور نکوبار کمانڈ کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انڈمان اور نکوبار کمانڈ ہندوستان میں تینوں فوجوں کی واحد کمانڈ ہے۔

جنرل منوج پانڈے نے چالیس سال پر محیط اپنے کیریئر میں چین اور پاکستان کی سرحد سے لے کر انڈمان اور نکوبار تک فوج میں اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ اپنے دو سال کے دور میں ان کے سب سے بڑے چیلنجز چین کے ساتھ سرحد پر جاری کشیدگی کو کم کرنا، پاکستان سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنا اور ہتھیاروں پر خود انحصاری کو بڑھانا ہوں گے۔