نئی دہلی: وزیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کہا کہ بھگوان بدھ کی تعلیمات اور ان کا دکھایا ہوا راستہ پوری انسانیت کے لیے ہے، جبکہ بدھ کے مقدس تبرکات محض آثار نہیں بلکہ بھارت کی قابلِ تعظیم تہذیبی وراثت کا ایک اٹوٹ حصہ ہیں۔
1898ء میں دریافت ہونے والے مقدس پِپرہوا تبرکات کی شاندار بین الاقوامی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ بھگوان بدھ سب کے ہیں اور وہ تمام انسانوں کو جوڑنے کا پیغام دیتے ہیں۔ بدھ مت کے علما، سفارت کاروں اور دیگر معزز مہمانوں کی موجودگی میں مودی نے کہا، “بھارت کے لیے بدھ کے مقدس تبرکات صرف باقیات نہیں بلکہ ہماری قابلِ احترام وراثت اور تہذیب کا لازمی حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 125 سال کے طویل انتظار کے بعد بھارت کی یہ قیمتی وراثت واپس لوٹی ہے۔ وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ بھگوان بدھ کا علم اور ان کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔ مودی نے بدھ کے تبرکات کی ان کی جائے پیدائش پر واپسی کو یقینی بنانے میں گوڈریج گروپ کے کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ پِپرہوا تبرکات بدھ مت کے ابتدائی آثارِ قدیمہ کے مطالعے میں ایک خاص اور اہم مقام رکھتے ہیں۔