صادق انصاری :انسانیت کی ایک منفرد مثال

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
صادق انصاری اپنی اہلیہ و بیٹی داماد کے ہمراہ
صادق انصاری اپنی اہلیہ و بیٹی داماد کے ہمراہ

 

 

سمیع احمد، رانچی

ریاست جھارکھنڈ کے ضلع گڑھوا کے صادق انصاری نے سنیتا کی پرورش کر ہندو مسلم ایکتا کی ایک انوکھی مثال پیش کی ہے۔ ان دنوں صادق انصاری اور ان کی اہلیہ آمنہ بیوی اپنی 'آٹھ ماہ کی بیٹی' سنیتا کماری اور 'نئے داماد' اپیندر کوروا کی مہمان نوازی میں مصروف نظر آ رہے ہیں۔ اور پورا گاؤں اس شادی میں شریک ہو کر ایک دوسرے کی رشتہ دار بنے ہوئے ہیں۔

اس سے پہلے کہ آپ یہ سوچیں کہ آٹھ ماہ کی بچی کس طرح شادی کر سکتی ہے ، پھر ہم آپ کو بتادیں کہ سنیتا کی عمر 18 سال سے زیادہ ہے۔ تو یہ بیٹی آٹھ ماہ کی ہوئ کیسے ہوئی؟

اس کی کہانی کچھ اس طرح ہے، جو دلچسپی سے بھرپور ہے۔ صادق انصاری ضلع گڑھوا کے بھاوناتھ پور بلاک کی مکری پنچایت کے باگاہی ٹولا کے رہائشی ہیں۔ وہ کچے والے مکان میں رہتے ہیں اور سیمنٹ کی بوریوں سے بنے بیگ بیچ کر اپنی روز مرہ کی زندگی گزارتے ہیں۔ انہیں تین بچے ہیں، وہ دو بیٹے اور ایک بیٹی کی شادی بھی کرچکے ہیں۔

تاہم حال ہی میں انھوں نے سنیتا کماری کی شادی کی ہے ، لہذا انہیں نہ صرف دو ۔دو بیٹیاں ہوگئیں، بلکہ ان کے داماد بھی دو۔دو ہوگئے ہیں۔ صادق کے گاؤں سے تقریباً 40 کلومیٹر دور اسی ضلع کے دھرکی بلاک کی رہائشی سنیتا کماری قبائلی خاندان سے تعلق رکھتی ہے ، لیکن اس کے والدین کا سایہ بالکل ابتدائی دنوں میں سر سے اٹھ گیا۔ دادا نے کچھ دنوں تک اس کی دیکھ بھال کی مگر وہ بھی ایک وقت کے بعد فوت ہوگئے۔

اب سنیتا کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں بچا تھا۔لہذا وہ مانگ مانگ کر اپنی زندگی کا گزارا کرنے پر مجبور ہوگئی۔ حسن اتفاق سے ایک دن وہ کام کی تلاش میں صادق انصاری کی قیام گاہ پر پہنچ گئی۔اور وہ انہی کی ہوکر رہ گئی۔

جب صادق اور ان کی اہلیہ نے اس کی دکھ بھری داستان سنی تو وہ تڑپ اُٹھے اور انہوں نے اسے اپنے گھر کا فرد بنا لیا۔ صادق انصاری بھی اپنےبچوں کی شادیاں کرکے تنہا اپنی اہلیہ کے ساتھ رہ رہے تھے۔

اس طرح انہیں ایک بیٹی مل گئی اور سنیتا کو ماں باپ کا سایہ دوبارہ مل گیا۔ آٹھ مہینے کے بعد صادق انصاری اور ان کی اہلیہ آمنہ بیوی نے کو اپنی منھ بولی بیٹی سنیتا کی شادی کا فیصلہ کیا اور حسن اتفاق سے قریب کے گاؤں برسانگر ٹولہ کے شیو شنکھ کوربا کے صاحبزاے اپیندر کوربا سے ان کی شادی کرنے کا فیصلہ کر دیا۔

سنیتا کماری کی شادی رسم و رواج کے روایتی طریقے سے ہوئی۔ گاؤں کے رام سیوک رام اور ان کی اہلیہ نے اس کا کنیادان کیا۔ شادی کی تاریخ 6 جولائی 2021 مقرر کی گئی۔بارات آئی اور دھوم دھام سے پجاری ابھیمنو مشرا نے شادی کرائی۔

اس شادی میں گاؤں کے بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔ ہر ایک نے اپنے اپنے انداز میں مدد کی۔ اس شادی میں شامل سماجی کارکن لالو رام نے کہا کہ ہم صادق انصاری کی ہمت و جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں ، جنہوں نے خود غریب ہونے کے ساتھ ہی ایک غریب یتیم لڑکی کو پناہ دی۔ گاؤں والوں نے بھی اس شادی کو بحسن و خوبی انجام دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

صادق انصاری سے فون پر بات کرنے کی کوشش کی گئی، مگر اس کے پاس فون نہیں تاہم ایک سماجی کارکن للن رام کے ذریعہ ان سے اور بقیہ لوگوں سے گفتگو ممکن ہو پائی۔

سنیتا کی نئی والدہ آمنہ بیوی کا کہنا ہے کہ جب سے یہ بیٹی آئی ہے ، ہم دونوں ایک ساتھ مل کر گھریلو کام کرتے تھے۔ آج​بیٹی اور داماد ہمارے گھر پر ہیں ، لہذا ہم بہت خوش ہیں۔ سنیتا کماری نے کہا کہ یہ بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ پہلے میرے پاس کوئی نہیں بچا تھا ، اب میرے والدین اور شوہر بھی مل گئے ہیں۔ سنیتا کے شوہر اپیندر نے بتایا کہ انہیں اس گھر میں بہت عزت ملی ہے۔

صادق انصاری اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ اگر آپ کام کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں تو غربت کوئی معنی نہیں رکھتی ہمت ہونی چاہئے۔اگر ہمت ہو تو انسان کوئی بھی کام کر سکتا ہے، کسی کی بھی مدد کرسکتا ہے۔