گینگسٹر گولڈی برار نے دیشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کروائی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-09-2025
گینگسٹر گولڈی برار نے دیشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کروائی
گینگسٹر گولڈی برار نے دیشا پٹانی کے گھر پر فائرنگ کروائی

 



بریلی / آواز دی وائس
بریلی کے سول لائنز علاقے میں بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے آبائی گھر کے باہر جمعہ کی رات فائرنگ کے واقعے کی پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس نے سینئر افسران کی نگرانی میں پانچ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری گینگسٹر گولڈی برار نے لی ہے۔ بریلی کے سینئر ایس ایس پی انوراگ آریہ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی۔ گھر کے باہر سے کئی خالی خول برآمد کیے گئے ہیں اور معاملہ کرائم برانچ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
آدھی رات کو آخر ہوا کیا؟
سول لائنز علاقے کے ولا نمبر 40 پر واقع پٹانی خاندان کے گھر کے باہر جب فائرنگ ہوئی تو اس وقت دیشا پٹانی کے والد اور سبکدوش ڈی ایس پی جگدیش سنگھ پٹانی، والدہ اور میجر بہن خوشبو پٹانی گھر پر موجود تھیں۔
دیشا اور خوشبو پٹانی کے والد جگدیش سنگھ پٹانی نے واقعے کے بارے میں بتایا کہ آدھی رات کو ان کے گھر پر 8-10 راؤنڈ فائرنگ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے ہم سب خوف زدہ ہو گئے تھے۔ میری آنکھ بھی کھل گئی تھی۔ باہر نکلنے کی کوشش بھی کی تھی لیکن کسی طرح آڑ لے کر ہم بچ گئے۔
انہوں نے مزید کہا  کہ پولیس نے سب سے پہلے ہماری حفاظت کو یقینی بنایا۔ گھر کے باہر گارڈز تعینات کر دیے گئے ہیں، پیچھے پولیس کھڑی ہے۔ پولیس نے کوئی کوتاہی نہیں کی۔ جب سے پولیس کو واقعے کی اطلاع ملی ہے، تب سے مسلسل کام کر رہی ہے۔ یہ یوگی جی کا صوبہ ہے، اس طرح کی غنڈہ گردی پر مکمل روک لگائی جانی چاہیے۔
پولیس نے جاری کیا الرٹ
ایس ایس پی نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جا رہی ہے اور گینگسٹر گولڈی برار کے نیٹ ورک کو لے کر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود پٹانی خاندان سے ملے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ انہیں پولیس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پر ایک دھمکی بھری پوسٹ وائرل ہوئی، جس میں لکھا تھا کہ خوشبو پٹانی اور دیشا پٹانی نے سنتوں کی توہین کی تھی۔ یہ تو صرف ٹریلر ہے، اگلی بار جان سے مار دیا جائے گا۔ پوسٹ میں کئی گینگسٹروں کو بھی ٹیگ کیا گیا تھا۔