بھاگلپور میں گنگا کا پشتہ ٹوٹ گیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 24-08-2026
بھاگلپور میں گنگا کا پشتہ ٹوٹ گیا
بھاگلپور میں گنگا کا پشتہ ٹوٹ گیا

 



بھاگلپور: بہار کے بھاگلپور ضلع میں پیر کی صبح گنگا کے کنارے بنے پشتے کا ایک حصہ ٹوٹ گیا، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ خریک سرکل میں کجیکورایا-رگھوپور مارجنل پشتے میں یہ شگاف تقریباً رات ڈھائی بجے پڑا۔

حکام کے مطابق پانی کی سطح بڑھنے اور دریا کے تیز بہاؤ کے باعث ہونے والے کٹاؤ کی وجہ سے پشتا ٹوٹا۔ ضلع مجسٹریٹ النکریتا پانڈے صورتحال پر نظر رکھ رہی ہیں، جبکہ ایڈیشنل کلکٹر (ڈیزاسٹر مینجمنٹ)، نوگچھیا کے ایس ڈی او، فلڈ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے افسران اور انجینئرز وارڈ نمبر 12 کے ٹولا شنکرپور کے قریب جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا، "کٹاؤ کے بعد پانی نوگچھیا کی جانب بہہ رہا ہے، جبکہ فلڈ کنٹرول ڈپارٹمنٹ کی تکنیکی ٹیم جنگی بنیادوں پر حفاظتی کام کر رہی ہے۔

پانی کے بہاؤ کو قابو کرنے اور مزید کٹاؤ روکنے کے لیے وسائل اور ضروری سامان موقع پر پہنچا دیا گیا ہے۔" کٹاؤ کی یہ جگہ بہار کے وزیرِ توانائی بولو منڈل کے آبائی گاؤں سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ پشتے کے تحفظ اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔