گنگا رام اسپتال بن گیا موت کا کنواں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-04-2021
آکسیجن پہنچ گئی  گنگا رام اسپتال مگر
آکسیجن پہنچ گئی گنگا رام اسپتال مگر

 

 

نئی دہلی۔

آکسیجن کی ہا ہا کارمچی ہے۔ دہلی میں قیامت کا سماں ہے۔اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت نے کہرام مچا دیا ہے۔کہیں چھ گھنٹے کی آکسیجن ہے تو کہیں ایک دن کی۔سب سے برا حال ہوا ہے دہلی کے سر گنگا رام اسپتال کا ۔جہاں گزشتہ 24 گھنٹو کے دوران ان کے اسپتال میں 25 انتہائی بیمار مریضوں کی موت واقع ہو گئی۔ صبح کے وقت اسپتال کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے پاس کچھ گھنتوں کی ہی آکسیجن باقی ہے۔ وینٹی لیٹر بھی کام نہیں کر رہے ہیں، لہذا فوری طور پر ایئر لفٹ کی مدد سے آکسیجن درکار ہے ورنہ یہاں کے دیگر 60 مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔ تاہم صبح تقریباً 10 بجے گنگا رام استپال کو آکسیجن کی سپلائی حاصل ہو گئی۔

دہلی کے ہی میکس اسپتال کی جانب سے صبح کے وقت ٹوئٹ کر کے کہا گیا کہ اسپتال میں آکسیجن کی بھاری قلت ہے۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ میکس سمارٹ اسپتال، میکس اسپتال ساکیت میں کچھ گھنٹوں کی آکسیجن باقی ہے، لہذا فوری آکسیجن درکار ہے۔ تاہم صبح کے تقریباً 10 بجے میکس ساکیت اسپتال کو آکسیجن کی سپلائی مہیا کرا دی گئی۔ ابھی میکس کے پاس تین گھنٹے کی آکسیجن سپلائی پہنچ گئی ہے۔ ڈی سی پی ساؤتھ دہلی کا کہنا تھا کہ میکس کو آکسیجن فراہم ہو گئی ہے اور مزید ایک گاڑی آکسیجن لے کر پہنچ رہی ہے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق میکس ہیلتھ کیئر نے اپنے دہلی این سی آر میں واقع تمام اسپتالوں میں نئے مریضوں کے داخلہ پر روک لگا دی ہے۔ خیال رہے کہ دہلی کے کئی اسپتالوں میں کئی دنوں سے آکسیجن کا بحران چل رہا ہے۔ دہلی حکومت نے مرکزی حکومت سے گہار لگائی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے کوٹا بھی بڑھایا گیا ہے لیکن مریضوں کی بڑھتی تعداد کے درمیان کوئی اقدام کارگر ثابت نہیں ہو رہا ہے، کیونکہ آکسیجن کی سپلائی میں کافی وقت لگ رہا ہے۔ دہلی کے کچھ اسپتالوں کو آکسیجن کی سپلائی کے مطالبہ کے لئے ہائی کورٹ کا بھی رخ کرنا پڑا۔ دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوارن کورونا کے 26169 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 306 مریضوں کی موت ہو گئی۔ فی الحال یہاں 91618 کیسز فعال ہیں جبکہ کیسز کی مجموعی تعداد 956348 ہو چکی ہے۔ دہلی میں تاحال 13193 مریض دم توڑ چکے ہیں۔