گاندھی نگر: 700 غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی مہم جاری

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 18-09-2025
گاندھی نگر: 700 غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی مہم جاری
گاندھی نگر: 700 غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی مہم جاری

 



احمد آباد/ آواز دی وائس
گجرات میں گاندھی نگر نکایہ انتظامیہ اور دیگر حکام نے سابرمتی ندی کے کنارے ایک لاکھ مربع میٹر سرکاری زمین پر تجاوزات ہٹانے کے لیے جمعرات کی صبح سویرے ایک بڑا انہدامی آپریشن شروع کیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات کی راجدھانی میں تقریباً 700 غیر قانونی ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے لیے نشان زد کیا گیا تھا اور دوپہر تک ان میں سے تقریباً 150 کو گرا دیا گیا۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ روی تیجا واسمسیٹی نے بتایا کہ گاندھی نگر میونسپل کارپوریشن (جی ایم سی)، ریاستی روڈ اینڈ بلڈنگ (آر اینڈ بی) ڈپارٹمنٹ اور مقامی پولیس نے گجرات کی راجدھانی کے پیتھاپور علاقے میں صبح تقریباً چار بجے یہ آپریشن شروع کیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ آر اینڈ بی اور جی ایم سی کی 20 ٹیموں کی نگرانی میں سابرمتی ندی کے کنارے سرکاری زمین پر بنے تقریباً 700 غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ہم نے ان کی مدد کے لیے حکام سمیت 700 پولیس اہلکار تعینات کیے ہیں۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دوپہر تک تقریباً 150 غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ مکانات اور دکانوں کو گرا دیا گیا، جب کہ باقی تجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے۔
واسمسیٹی نے کہا کہ جس زمین پر تجاوزات کیے گئے ہیں اس کا کل رقبہ تقریباً ایک لاکھ مربع میٹر ہے اور اس کی بازاری قیمت 1,000 کروڑ روپے ہے۔ ہمیں امید ہے کہ تجاوزات ہٹانے کی یہ مہم دو سے تین دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔