گڈکری کا ای-20 پٹرول پر ناقدین کو چیلنج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2026
گڈکری کا ای-20 پٹرول پر ناقدین کو چیلنج
گڈکری کا ای-20 پٹرول پر ناقدین کو چیلنج

 



نئی دہلی :مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے منگل کو ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے ناقدین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی ایک بھی گاڑی کا نام بتائیں جس میں اس ایندھن کے استعمال سے کوئی خرابی پیدا ہوئی ہو۔

انہوں نے ای-20 پٹرول (20 فیصد ایتھنول ملاوٹ والا ایندھن) کی لازمی فروخت پر ہونے والی تنقید اور گاڑیوں کی مائلیج کم ہونے کی شکایات کے تناظر میں یہ بات کہی۔ گڈکری نے یہاں ’’وکست بھارت‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیواشم ایندھن (کوئلہ، پٹرول وغیرہ) پر ہندوستان کا انحصار ایک بڑا معاشی بوجھ ہے۔

اس کی وجہ سے ایندھن کی درآمد پر سالانہ 22 لاکھ کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں اور یہ ماحولیات کے لیے بھی خطرہ ہے، اس لیے ملک کی ترقی کے لیے صاف توانائی کو اپنانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، "ای-20 پٹرول کے استعمال سے کسی بھی گاڑی میں خرابی آنے کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ کیا ملک میں کوئی ایسی گاڑی ہے جس میں ای-20 پٹرول کے استعمال سے مسئلہ پیدا ہوا ہو؟

بس ایک ہی مثال پیش کر دیجیے۔" گڈکری نے الزام لگایا کہ زیادہ ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے خلاف غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا، "زیادہ ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے نفاذ کے بارے میں بے بنیاد باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس کے لیے باقاعدہ پیسے دے کر مہم چلائی جا رہی ہے۔"

ہندوستان پہلے ہی 20 فیصد ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کا ہدف حاصل کر چکا ہے، جس سے درآمدی خام تیل پر انحصار کم ہوا ہے اور کاربن کے اخراج میں بھی کمی آئی ہے۔ ایتھنول گنے، مکئی یا چاول جیسے حیاتیاتی خام مال (بایوماس) سے تیار کیا جاتا ہے۔