جی20 سیٹلائٹ 2027 میں خلا میں بھیجے جانے کی توقع :وی نارائنن

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-04-2026
جی20 سیٹلائٹ 2027 میں خلا میں بھیجے جانے کی توقع :وی نارائنن
جی20 سیٹلائٹ 2027 میں خلا میں بھیجے جانے کی توقع :وی نارائنن

 



حیدرآباد: بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے چیئرمین وی نارائنن نے ہفتہ کے روز کہا کہ آب و ہوا اور فضائی آلودگی کے مطالعے اور موسم کی نگرانی کے لیے تیار کیا جانے والا جی20 سیٹلائٹ 2027 میں خلا میں بھیجے جانے کی توقع ہے۔

انہوں نے انجینئرنگ اسٹاف کالج آف انڈیا میں ڈی آر ڈی او، اسرو اور ایرو ناٹیکل سوسائٹی آف انڈیا کے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پہلا ملک ہے جس نے ایک ہی راکٹ کے ذریعے 100 سے زائد سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ مدار میں پہنچایا ہے۔ نارائنن نے کہا، "اس وقت ہم جی20 ممالک کے لیے ایک جی20 سیٹلائٹ پر بھی کام کر رہے ہیں، جس میں بھارت قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے، اور ہم اسے 2027 تک لانچ کرنے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسرو نے 34 ممالک کے 433 سیٹلائٹس سمیت متعدد تجارتی مشنز بھی مکمل کیے ہیں۔ اسرو سربراہ کے مطابق ادارہ 2040 تک چاند پر انسانی مشن بھیجنے کے ہدف پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، اگر ہم 2040 تک یہ حاصل کر لیتے ہیں تو ہم لانچ ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، ایپلیکیشنز اور انسانی خلائی پرواز کے پروگرام میں کسی بھی دوسرے خلائی ملک کے برابر ہوں گے۔ ہم 'وکست بھارت' کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔