جی 7: مودی کا وبائی امراض کی روک تھام کے لئے عالمی یکجہتی پر زور

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2021
وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب
وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

 

 

آواز دی وائس: نئی دہلی

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز جی ۔7 کے اجلاس کو ڈیجیٹل کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا۔ مستقبل میں وبائی امراض کی روک تھام کے لئے عالمی یکجہتی، قیادت اور ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے مودی نے چیلینج سے نمٹنے کے لئے جمہوری اور شفاف معاشروں کی خصوصی ذمہ داری پر زور دیا۔

 وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت اور جنوبی افریقہ کی طرف سے کووڈ سے متعلقہ ٹیکنالوجیز پر پیٹنٹ چھوٹ کے لئے جی 7 کی حمایت کا مطالبہ کیا۔

 وزیر اعظم نے عالمی صحت کو بہتر بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں میں بھارت کے تعاون کا وعدہ کیا۔انہوں نے بھارت اور جنوبی افریقہ کی طرف سے کووڈ سے متعلقہ ٹیکنالوجیز کے بارے میں ٹرپس کے لئے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کو پیش کردہ تجویز پر جی -7 کی حمایت کا بھی مطالبہ کیا۔

 خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے اجلاس کا پیغام 'ایک ارتھ ، ایک صحت' پوری دنیا میں پہنچنا چاہئے۔واضح رہے کہ جی 7 میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکہ شامل ہے۔ جی ۔7 کی سربراہی کرنے والے برطانیہ نے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی کوریا اور جنوبی افریقہ کو بطور مہمان ممالک مدعو کیا ہے۔