جی 20 : افغانستان بنیاد پرستی کا اڈہ نہیں بننا چاہیے۔ مودی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-10-2021
جی 20 : افغانستان بنیاد پرستی کا اڈہ نہیں بننا چاہیے۔ مودی
جی 20 : افغانستان بنیاد پرستی کا اڈہ نہیں بننا چاہیے۔ مودی

 

 

آواز دی وائس : وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز جی 20 سربراہی اجلاس میں افغان خطہ کو بنیاد پرستی اور دہشت گردی کا ذریعہ بننے سے روکنے پر زور دیا ، جس کی میزبانی ان کے اطالوی ہم منصب ماریو ڈراگی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی۔

 وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2593 پر مبنی ایک متفقہ بین الاقوامی ردعمل افغانستان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہے۔

 کانفرنس کے بعد ٹوئٹر پر پیغام دیتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ انہوں نے افغان شہریوں کے لیے فوری اور بلا روک ٹوک انسانی امداد کا زور دیا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایک جامع انتظامیہ کا مطالبہ کیا جس میں خواتین اور اقلیتیں شامل ہوں تاکہ پچھلے 20 سالوں کے سماجی و معاشی فوائد کو محفوظ رکھا جاسکے اور بنیاد پرست نظریات کے پھیلاؤ کو محدود کیا جاسکے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2593-جو 30 اگست کو ہندوستان کی ایک ماہ کی صدارت میں جاری کی گئی تھی-اس قرارداد میں یہ زور دیا گیا ہے کہ افغانستان کو اپنی سرزمین کو دہشت گردی سے منسلک سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے۔

ایم ای اے کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے مزید خطے میں بنیاد پرستی ، دہشت گردی اور منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ کے خلاف ہماری مشترکہ لڑائی کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

— Narendra Modi (@narendramodi) October 12, 2021

اپنے ریمارکس میں ، مودی نے میٹنگ بلانے میں اٹلی کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور ہندوستان اور افغانستان کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران ہندوستان نے افغانستان میں نوجوانوں اور خواتین کی سماجی و اقتصادی ترقی اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بے پناہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان نے پڑوسی ملک میں 500 سے زائد ترقیاتی منصوبے پورے کئے ہیں۔

 پی ایم مودی کے ساتھ ، امریکی صدر جو بائیڈن اور چانسلر انجیلا مرکل نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی جس میں امداد کی ضروریات ، سیکورٹی کے خدشات اور ہزاروں مغربی اتحادی افغانیوں کے بیرون ملک محفوظ راستے کی ضمانت کے طریقوں پر توجہ دی گئی۔

چانسلر میرکل نے کہا کہ جرمنی ابھی تک طالبان کو افغانستان کی حکومت تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے کیونکہ اس نے حکومت سازی کے معیار کو پورا نہیں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی اس سال افغانستان کو 600 ملین یورو کی امداد فراہم کرے گا۔