ڈھاکہ۔ بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
خالدہ ضیاء کو قومی اعزاز کے ساتھ سابق صدر اور ان کے شوہر ضیاء الرحمان کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ وہ جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ڈھاکہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ گزشتہ روز وہ انتقال کر گئیں۔
خالدہ ضیاء بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔ انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیر اعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ انہوں نے 1991 سے 1996 تک اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ نماز جنازہ میں ہندوستان بھوٹان اور مالدیپ کے حکام کی شرکت متوقع ہے۔ پاکستان کی نمائندگی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔ جنوبی ایشیا کے اعلیٰ حکام اور مقامی رہنماؤں نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔