مفرور ڈرگ مافیا سلیم ڈولا کو ترکیہ سے ہندوستان واپس لایا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-04-2026
مفرور ڈرگ مافیا سلیم ڈولا کو ترکیہ سے ہندوستان واپس لایا گیا
مفرور ڈرگ مافیا سلیم ڈولا کو ترکیہ سے ہندوستان واپس لایا گیا

 



نئی دہلی: نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے طویل عرصے سے مفرور ڈرگ مافیا محمد سلیم ڈولا کو ترکیہ سے گرفتار کر کے بھارت واپس لا یا ہے۔ یہ کارروائی بین الاقوامی ایجنسیوں کے تعاون سے “آپریشن گلوبل ہنٹ” کے تحت انجام دی گئی۔

محمد سلیم ڈولا کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لایا گیا، جہاں پہنچتے ہی این سی بی نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق، ڈولا ممبئی کا رہائشی ہے اور اس کی عمر تقریباً 59 سال ہے۔ اس کے خلاف انٹرپول نے بھارت کی درخواست پر مارچ 2024 میں ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

حکام کے مطابق، محمد سلیم ڈولا کئی برسوں سے منشیات کی اسمگلنگ کے مقدمات میں ملوث رہا ہے اور ایک بڑے بین الاقوامی نیٹ ورک کو چلا رہا تھا، جس کا دائرہ کار مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ تک پھیلا ہوا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے مطابق، وہ اس نیٹ ورک میں مرکزی سپلائر کے طور پر کام کرتا تھا اور بڑی مقدار میں ہیروئن، چرس، میفیڈرون، مینڈریکس اور میتھامفیٹامین جیسی منشیات فراہم کرتا تھا۔

مہاراشٹر اور گجرات میں کئی بڑی ضبطی کارروائیوں میں بھی اس کا نام سامنے آ چکا ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اس کا مجرمانہ ریکارڈ تقریباً دو دہائیوں پر محیط ہے اور وہ مختلف ممالک میں روپوش رہا۔ اس سے قبل اس کے بیٹے تاحل سلیم ڈولا اور دیگر ساتھیوں کو بھی متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر کے بھارت لایا جا چکا ہے۔

حال ہی میں ترکیہ کے شہر استنبول میں پولیس نے 25 اپریل کو ایک خصوصی آپریشن کے دوران اسے بئیلیک دوزو علاقے میں ایک گھر سے گرفتار کیا، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے اسے بھارت منتقل کیا گیا۔ بھارت پہنچنے کے بعد اب اس سے سخت پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ اس کے پورے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بین الاقوامی تعاون کی ایک بڑی مثال ہے اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ بڑے مجرم زیادہ عرصے تک قانون سے بچ نہیں سکتے۔ آئندہ کارروائی کے لیے محمد سلیم ڈولا کو ممبئی پولیس کے حوالے کیا جائے گا، جہاں اس سے مزید تفتیش کی جائے گی۔