نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو فوڈ ریگولیٹر ایف ایس ایس اے آئی کے اس حکم پر عبوری روک لگا دی، جس میں ڈابر انڈیا کو شہد، گائے کے گھی اور خوردنی تیل جیسی مصنوعات کو ’100 فیصد‘ کے دعوے کے ساتھ فروخت کرنے سے روک دیا گیا تھا۔
جسٹس امیت مہاجن نے کہا کہ ڈابر طویل عرصے سے ان مصنوعات کو فروخت کر رہی ہے اور بادی النظر میں اسے راحت دیے جانے کا معاملہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) نے حکم جاری کرنے سے پہلے کمپنی کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع نہیں دیا تھا۔
جسٹس مہاجن نے کہا، ’’عدالت کی بادی النظر رائے ہے کہ سماعت کا موقع دیے بغیر پابندی عائد کرنے کا حکم جاری نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ اگلی سماعت تک متنازع حکم پر روک رہے گی۔‘‘ ہائی کورٹ نے اس معاملے کی اگلی سماعت دو ہفتے بعد مقرر کی ہے۔
ڈابر کی جانب سے پیش سینئر وکیل نے دلیل دی کہ ایف ایس ایس اے آئی کا حکم قدرتی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر وجہ بتاؤ نوٹس اور سماعت کا موقع دیے جاری کیا گیا ہے۔ وہیں، مرکزی حکومت کے وکیل نے فوڈ ریگولیٹر کے حکم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو پہلے ’اصلاحی نوٹس‘ اور مشاورت جاری کی گئی تھی اور اس کی مصنوعات پر ’100 فیصد‘ کا دعویٰ گمراہ کن ہے۔
ایف ایس ایس اے آئی نے پیر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ اس نے ڈابر انڈیا لمیٹڈ کو ’100 فیصد‘ جیسے گمراہ کن دعووں والی غذائی مصنوعات کی فروخت روکنے کا حکم دیا ہے۔ ان میں شہد، سیب کا سرکہ، ورجن ناریل تیل، تل کا تیل، گائے کا گھی، ناریل پانی اور ناریل کا دودھ جیسی مصنوعات شامل ہیں۔