پارلیمنٹ ہاؤس کی پہلی منزل سے میں نے دہشت گردوں کو بھاگتے دیکھا: رادھا کرشنن

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-12-2025
پارلیمنٹ ہاؤس کی پہلی منزل سے میں نے دہشت گردوں کو بھاگتے دیکھا: رادھا کرشنن
پارلیمنٹ ہاؤس کی پہلی منزل سے میں نے دہشت گردوں کو بھاگتے دیکھا: رادھا کرشنن

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے جمعہ کو کہا کہ 13 دسمبر 2001 کو جب پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تھا، تب وہ لوک سبھا کے رکن تھے اور انہوں نے پارلیمنٹ کی پہلی منزل سے دہشت گردوں کو بھاگتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا۔
ایوانِ بالا کی کارروائی شروع ہونے پر چیئرمین نے پارلیمنٹ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل، 13 دسمبر 2025 کو ہندوستان کی پارلیمنٹ پر ہونے والے اس المناک دہشت گردانہ حملے کی چوبیسویں برسی ہے۔
یہ حملہ 13 دسمبر 2001 کو ہوا تھا
انہوں نے کہا کہ اس بدقسمت دن، جب دہشت گردوں نے ہمارے جمہوریت کے مقدس نشان ہندوستانی پارلیمنٹ کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی، تو ہمارے بہادر سکیورٹی اہلکاروں نے اپنے بے مثال حوصلے اور فوری ایکشن کے ذریعے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔
چیئرمین نے کہا کہ لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے میں اس دردناک لمحے کا گواہ تھا۔ پارلیمنٹ کی پہلی منزل سے میں نے دہشت گردوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس حملے میں ملک نے اپنے کئی بہادر سپوتوں کو کھو دیا، جنہوں نے بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں اور جمہوریت کے اس مقدس مندر کے درمیان چٹان کی طرح کھڑے ہو کر اپنی جانیں قربان کیں۔
آئیے ہم ان بہادر روحوں کو یاد کریں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کریں جنہوں نے اپنا سب سے قیمتی سرمایہ—اپنی جان—قربان کر دی۔ ان کی فرض شناسی اور بے لوث بہادری ہم سب کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔ ہمارا مقدس فرض ہے کہ ہم ان جمہوری قدروں کو آگے بڑھائیں جن کے لیے انہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ اس موقع پر ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی لڑائی کے عزم کو دوہراتے ہیں اور اپنی مادرِ وطن کی یکجہتی، سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے اٹل عزم کی پھر سے توثیق کرتے ہیں۔
اس کے بعد ایوان کے اراکین نے شہید سکیورٹی اہلکاروں کے احترام میں کچھ لمحوں تک خاموشی اختیار کی۔ قابلِ ذکر ہے کہ 13 دسمبر 2001 کو لشکرِ طیبہ اور جیشِ محمد کے دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دہلی پولیس کے پانچ جوان، سی آر پی ایف کی ایک خاتون اہلکار اور پارلیمنٹ کے دو ملازمین شہید ہوئے تھے۔ ایک دیگر ملازم اور ایک کیمرہ مین کی بھی اس حملے میں موت ہو گئی تھی۔